اسٹال مالکین کو معاوضہ کی ادائیگی کا تیقن

,

   

وزیر داخلہ محمود علی کا دورہ نمائش ۔ عہدیداروں سے تبادلہ خیال
حیدرآباد 31 جنوری ( سیاست نیوز) وزیر داخلہ محمد محمود علی نے آج دوسرے دن بھی نمائش میدان کا دورہ کیا اور وہاں نقصانات وغیرہ کا جائزہ لینے کے علاوہ پولیس عہدیداروں سے معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے اس سارے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیا اور اب تک ہوئی پیشرفت کے تعلق سے معلومات حاصل کیں۔ وزیر داخلہ نے بتایا کہ جن تاجروں کی اسٹالس خاکستر ہوئی ہیں ان کو حکومت کی جانب سے معاوضہ ادا کیا جائیگا ۔ تاہم اس کیلئے پہلے نقصانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ یہاں اکثریت ایسے تاجرین کی ہے جو تقریبا ہر سال یہاں کاروبار کرتی ہے اور حکومت کی جانب سے ان کے نقصانات کی پابجائی کی جائیگی ۔ اس کے علاوہ انہیں کاروبار کا موقع فراہم کرنے اس سال نمائش میں 28 فبروری تک توسیع دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے ۔ مسٹر محمود علی نے بتایا کہ اس سال کے سانحہ سے سبق حاصل کرنے کی کوشش کی جائیگی ۔ مستقبل میں کپڑوں اور ہینڈلوم کی تمام دوکانات کو ایک ہی مقام پر نہیں رکھا جائیگا ۔ اس کے علاوہ مستقبل میں حادثات کی روک تھام کیلئے زیر زمین پائپ لائین بھی بچھانے پر غور کیا جا رہا ہے ۔ وزیر داخلہ نے بتایا کہ جو دوکانیں خاکستر ہوئی ہیں انہیں دوبارہ بحال کیا جائیگا تاہم اسٹال مالکین کا کہنا ہے کہ اس کیلئے انہیں 15 تا 20 دن درکار ہونگے تب ہی جاکر ان کی دوکانیں تیار ہوسکتی ہیں تاہم تب بھی مال کا حصول مشکل ہوگا ۔حکام نے وزیر داخلہ کو اب تک کی صورتحال سے تفصیلی طور پر واقف کروایا ۔