اسٹامپ ڈیوٹی و رجسٹریشن چارجس میں اضافہ 8 سال بعد چارجس پرنظر ثانی

   

حیدرآباد/20 جولائی ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت توقع ہے کہ اسٹامپ ڈیوٹی و رجسٹریشن فیس میں 6 فیصد سے اضافہ کرکے 7.5 فیصد کردیگی۔ جمعرات سے اضافی شرحوں پر عمل آوری کا امکان ہے۔ ریاست میں گزشتہ 8 برسوں میں اراضیات کی اسٹامپ ڈیوٹی اور رجسٹریشن شرحوں پر نظر ثانی نہیں کی گئی تھی۔ حکومت کے فیصلہ سے ریاست میں اراضیات اور جائیدادوں کی مالیت میں اضافہ ہوگا۔ اسٹامپ ڈیوٹی و رجسٹریشن فیس میں 4 فیصد اسٹامپ ڈیوٹی ، 1.5 فیصد ٹرانسفر ڈیوٹی اور 0.5 فیصد رجسٹریشن چارجس شامل ہیں۔ حکومت نے کابینی سب کمیٹی تشکیل دی تاکہ ریاست کے وسائل میں اضافہ پر حکومت کو تجاویز پیش کرے۔ کمیٹی نے آمدنی میں اضافہ کیلئے رجسٹریشن و اسٹامپ ڈیوٹی چارجس میں اضافہ کی سفارش کی ۔ وزیر فینانس ہریش راؤ کی زیر قیادت کمیٹی میں وزیر آئی ٹی کے ٹی را ما راؤ، وزیر عمارات و شوارع پرشانت ریڈی و چیف سکریٹری سومیش کمار شامل ہیں۔ کمیٹی نے عوام پر زائد بوجھ کے بغیر حکومت کی آمدنی میں اضافہ کے تمام امکانات کا جائزہ لیا۔ محکمہ اسٹامپ اینڈ رجسٹریشن سرکاری خزانہ میں آمدنی کا اہم ذریعہ ہے۔ پڑوسی ریاست آندھرا پردیش میں گزشتہ 8 برسوں میں 7 مرتبہ اسٹامپ ڈیوٹی اور رجسٹریشن پر نظر ثانی کی جاچکی ہے۔ رجسٹریشن فیس کو بڑھا کر 7 فیصد کیا گیا ہے۔ ٹاملناڈو میں رجسٹریشن فیس 7.5 فیصد ہے جبکہ مہاراشٹرا میں 7 فیصد ہے۔