رائے بریلی : اتر پردیش کے رائے بریلی میں بلدیاتی انتخابات میں ووٹنگ کے بعدبیلٹ بکس کے اسٹرانگ روم کی حفاظت کے لئے تعینات آٹھ پولیس اہلکاروں کو اچانک معائنہ کے دوران غیر حاضر پائے جانے پر پولس سپرنٹنڈنٹ نے انہیں معطل کر دیا ہے ۔ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس نوین سنگھ نے جمعہ کو بتایاکہ میونسپل انتخابات کے بعد پولیس سپرنٹنڈنٹ آلوک پریہ درشی نے بکس کو محفوظ رکھے گئے اسٹرانگ روم کی جگہ کا اچانک دورہ کیا اور معائنہ کیا جہاں انہیں سیکورٹی میں تعینات آٹھ پولیس اہلکار غائب پائے گئے ۔ موقع پر غیر حاضر پائے گئے آٹھ پولیس اہلکار، کنہیا لال، ابھے یادو، دیویندر سنگھ ورما، پنکج سنگھ، اجے کمار، ونیت سنگھ، ابھیشیک بھاسکر اور موہت سروہی کو فوری طور پر معطل کر دیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ سرکاری فرائض کی انجام دہی میں غفلت اور بے ضابطگی برتنے کی وجہ سے ان آٹھ پولیس اہلکاروں کومعطل کیا گیا ہے ۔ ان تمام کے خلاف محکمہ جاتی انکوائری کی جا رہی ہے ۔
