نئی دہلی ۔ 23 ۔ اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کے سینئر ٹرائل کے اڈوانی اور بالی ووڈ ادا کار شرمیلا ٹیگور نے دہلی میں منعقدہ اسٹروک اور اس سے بچنے سے متعلق شعور بیداری تقریب میں شرکت کی ۔ انڈین اسٹروک اسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر ونت سوری نے بتایا کہ اسٹروک موت کی دوسری بڑی و اہم وجہ ہے ۔ عالمی سطح پر ہر دو سکنڈ میں کوئی اسٹروک سے متاثر ہوتا ہے جبکہ ہر چھ سکنڈ میں اسٹروک سے ایک موت واقع ہوتی ہے ۔ ڈاکٹر سوری کے مطابق اسٹروک ہونے کے پہلے چند گھنٹوں میں جنہیں ’’گولڈن اوورس‘‘ کہا جاتا ہے ، اگر مریض کو علاج کی سہولت ملتی ہے تو اسٹروک کے اثر کو نمایاں طور پر کم کیا جاسکتا ہے۔ تقریب کا اہتمام انسٹی ٹیوٹ اف نیورو سائنس اپولو ہاسپٹل اور انڈین اسٹروک اسوسی ایشن کی جانب سے مشترکہ طور پر کیا گیا تھا ۔ ’’ورلڈ ا سٹروک ڈے‘‘ کے پیش نظر یہ شعور بیداری پروگرام منعقد کیا گیا جو 29 اکتوبر کو منایا جاتا ہے ۔ اسٹروک کے واقعات میں اضافہ کے باوجود اس سے متعلق عوام میں شعور بیداری کا فقدان ہے۔ سینئر کنسلٹنٹ ڈاکٹر سوری نے بتایا کہ یہی وجہ ہے کہ شعور بیداری پروگرام منعقد کیا گیا ۔
