نیویارک۔14اگست ( سیاست ڈاٹ کام ) سابق چمپئن سامنتا اسٹوسر اور ومبلڈن میں حیران کن مظاہرے کرنے والی نوجوان کھلاڑی کو کو گاف کو یو ایس اوپن میں راست شرکت کی اجازت دی گئی ہے ۔ 15سالہ گاف جنہوں نے کوالیفائنگ راؤنڈ میں شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے وملبڈن کے مین ڈرا میں رسائی حاصل کرنے کے علاوہ پہلے مرحلے میں وینس ولیمس کو شکست دینے کے بعد چوتھے مرحلے میں ٹورنمنٹ کی چمپئن سیمونا ہالپ کے خلاف شکست برداشت کی تھی ۔ کوکو گاف ان چار نوجوان کھلاڑیوں میں شامل ہیں جنہیں راست شرکت کرنے والی 8کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے ۔ امریکی نوجوان کھلاڑی کے علاوہ ان کی 17سالہ ہم وطن کھلاڑی کے ٹی مائیک میلی ، وائیٹنی اوسی اور 16سالہ فرانسیسی کھلاڑی ڈین پیری بھی شامل ہیں ۔ دوسری جانب اسٹوسر سینئر کھلاڑیوں میں شامل سابق چمپئن ہیں جیسا کہ 35سالہ اسٹوسر نے 2011میں یو ایس اوپن خطاب حاصل کیا جب کہ دو مرتبہ انہوں نے کوارٹر فائنلس تک بھی رسائی حاصل کی ہے ۔خاتون زمرہ میں راست شرکت کا موقع حاصل کرنے والی دیگر کھلاڑیوں میں امریکی چمپئن فرانسیسکا بی لورنزو اور تین مرتبہ کی اسٹین فولڈ یونیورسٹی آل امریکن چمپئن کرسٹن آہن بھی شامل ہیں ۔