اسٹوکس سوتیلے بہن بھائی کے قتل کے انکشاف سے ناراض

   

لندن ۔ 18ستمبر(سیاست ڈاٹ کام) انگلش کرکٹ ٹیم کے اسٹار آل راؤنڈر بین اسٹوکس کے 2 سوتیلے بہن بھائیوں کو بچپن میں ہی قتل کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے ۔ برطانوی اخبار سن کے مطابق اسٹوکس کی والدہ ڈیب کی جانب سے طلاق لینے کے بعد سابق شوہر رچرڈ ڈان نے 1988 میں ان کی8 سالہ سوتیلی بہن اور4 سالہ بھائی کو قتل کرنے کے بعد خودکشی کرلی تھی۔ طلاق کے بعد ڈیب نے رگبی کوچ جیرارڈ اسٹوکس سے شادی کی۔ اس المناک واقعہ کے 3 برس بعد بین اسٹوکس کی پیدائش ہوئی ۔ اخبار نے تمام واقعات اور بچوں کی تصاویر کے ساتھ رپورٹ شائع کی۔ جس پر بین اسٹوکس نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اسے اپنے والدین کی نجی زندگی میں مداخلت قرار دیا۔