اسٹوکس نے 42 سالہ قدیم ریکارڈ توڑ دیا

   

مانچسٹر، 25 جولائی (ایجنسیز) انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس ٹیم انڈیا کے لیے سب سے بڑا درد سر بنے ہوئے ہیں۔ مانچسٹر ٹسٹ میچ میں انہوں نے ہندوستانی بیٹنگ کو مکمل طور پر تباہ کر دیا اور42 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا۔ اسٹوکس نے چوتھے ٹسٹ میچ میں ٹیم انڈیا کی پہلی اننگز میں 5 وکٹ لے کر مہمان ٹیم کو358 رنز پر روک دیا۔ بین اسٹوکس نے 8 سال بعد ٹسٹ میچ میں پانچ وکٹیں حاصل کی ہیں۔ جب کہ انہوں نے بطورکپتان یہ کارنامہ پہلی بار انجام دیا ہے۔ اس سیریز میں انگلش کپتان بہت اچھی بولنگ کر رہے ہیں اور اب تک 16 وکٹیں لے چکے ہیں۔ رواں ٹسٹ میچ میں انہوں نے 24 اوورز کئے ۔ اس دوران انہوں نے72 رنز دے کر5 وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے کپتان شبمن گل، سائی سدرشن، شاردول ٹھاکر، واشنگٹن سندر اور انشول کمبوج کو اپنا شکار بنایا۔اسٹوکس نے 42 سال بعد گھر پر 5 وکٹیں لینے کا ریکارڈ بنایا۔ اس سے قبل انگلینڈ کے سابق کپتان باب ولس نے 1983 میں لیڈز میں نیوزی لینڈ کے خلاف 5 وکٹیں حاصل کی تھیں۔گزشتہ 42 سالوں میں صرف ایک انگلش ٹسٹ کپتان جو روٹ نے ایک ٹسٹ میں پانچ وکٹیں حاصل کی ہیں۔ انہوں نے فروری 2021 میں احمد آباد میںہندوستان کے کے خلاف 5 وکٹ لیے تھے۔