اسٹوکس پانچویں ٹسٹ سے باہر ،پوپ نئے کپتان

   

اوول ،30 جوالائی (ایجنسیز) انگلینڈ کی ٹیم نے ہندوستان کے خلاف پانچویں ٹسٹ میچ کے لیے اپنی پلیئنگ الیون میں چار تبدیلیاں کی ہیں۔ انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس دائیں کندھے کی تکلیف کے باعث اس ٹسٹ میں نہیں کھیل سکیں گے۔ ان کے علاوہ اسپنر لیام ڈاسن اور فاسٹ بولر جوفرا آرچر اور برائیڈن کارس کو بھی پلیئنگ 11 سے باہرکردیا گیا ہے۔ انگلینڈ نے نوجوان بیٹرجیکب بیتھل کو اپنی نئی پلیئنگ الیون میں شامل کیا ہے۔ اس کے علاوہ گس اٹکنسن اور جیمی اوورٹن کو بھی ٹیم میں جگہ ملی ہے۔ فاسٹ بولر جوش ٹونگ بھی اس میچ کا حصہ ہوں گے۔ انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس نے گزشتہ دو میچوں میں کافی بولنگ کی جس کی وجہ سے خیال کیا جا رہا ہے کہ وہ دائیں کندھے کی تکلیف کا شکار ہو ئے ہیں۔ بین اسٹوکس کا اخراج انگلینڈ کے لیے بڑا دھکا ہے۔ وہ پچھلے دونوں میچوں میں پلیئر آف دی میچ قرار پائے تھے۔ وہ اس وقت سیریز میں17 وکٹوں کے ساتھ سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر ہیں۔ یہی نہیں انہوں نے سنچری کی مدد سے 304 رنز بھی بنائے ہیں۔ اب ان کی غیر موجودگی میں اولی پوپ ٹیم کی کمان سنبھالیں گے۔واضح رہے کہ سیریزکا آخری میچ 31 جولائی کو لندن کے کیننگٹن اوول اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان یہ سیریز انتہائی دلچسپ موڑ پر پہنچ گئی ہے۔ 4 میچوں کے بعد انگلینڈکی ٹیم سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل کر رہی ہے جبکہ ہندوستان پیچھے رہنے کے باجود سیریز میں ہم پلہ ٹیم ثابت ہوئی ہے ۔