اسٹیٹ آرکائیوز میں اردو اور فارسی کی دستاویزات کے تحفظ کے اقدامات

   

حکومت ایران کا تعاون ، ایرانی سفیر ایرج الٰہی کا دورہ اسٹیٹ آرکائیوز

حیدرآباد۔3 ۔مارچ (سیاست نیوز) اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر متعینہ نئی دہلی ہز ایکسیلینسی ڈاکٹر ایرج الٰہی نے آج اسٹیٹ آرکائیوز کا دورہ کیا اور آصف سابع نواب میر عثمان علی خاں کے مختلف فرمانوں پر مشتمل پہلی FACSIMILE کاپی کی رسم اجراء انجام دی۔ ایرانی سفیر نے حیدرآباد میں متعینہ ایرانی کونسلیٹ مہدی شاہ رخی کے ہمراہ اسٹیٹ آرکائیوز میں اردو اور فارسی دستاویزات کے ڈیجٹلائیزیشن اور ان کے تحفظ کے اقدامات کا جائزہ لیا۔ نور انٹرنیشنل مائیکرو فلم سنٹر نئی دہلی کے اشتراک سے یہ کام انجام دیا جارہا ہے۔ قدیم اور نایاب فارسی زبان میں موجود ریکارڈ کو ڈیجٹلائیز اور ان کا کیٹلگ تیار کیا جائے گا۔ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ اور ایرانی سفیر کی موجودگی میں اسٹیٹ آرکائیوز اینڈ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ اور نور مائیکرو فلم انٹرنیشنل کمپنی حکومت ایران کے درمیان یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے گئے۔ اس موقع پر پرنسپل سکریٹری آئی ٹی جیش رنجن موجود تھے۔ 7 ستمبر 2022 ء کو یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے گئے تاکہ نادر و نایاب فارسی اور عربی دستاویزات کا تحفظ کیا جائے۔ ایرانی ادارہ کی جانب سے رضاکارانہ طور پر یہ خدمات انجام دی جارہی ہے اور سرکاری خزانہ پر کوئی بوجھ نہیں ہوگا۔ ایرانی سفیر ڈاکٹر ایرج الٰہی نے کہا کہ ہندوستان اور ایران کے تعلقات ہمیشہ دوستانہ رہے اور دونوں ممالک میں کئی تہذیبی روایات کا تبادلہ ہوا ہے ۔ ایران کی سرکاری زبان فارسی ہے ، لہذا حکومت ایران ہندوستان میں موجود فارسی تہذیبی ورثہ کے تحفظ میں دلچسپی رکھی ہے۔ فارسی زمانہ قدیم میں ہندوستان کی قومی زبان رہ چکی ہے۔ ڈاکٹر زرینہ پروین ڈائرکٹر اسٹیٹ آرکائیوز نے کہا کہ ایران کے تعاون سے نادر و نایاب دستاویزات کا تحفظ کیا گیا۔ معمول کی نگہداشت کے باوجود ریکارڈ کو اپنی اصلی حالت میں برقرار رکھنا دشوار کن مرحلہ ہے ، لہذا اس سلسلہ میں ایرانی ادارہ کی خدمات حاصل کی جارہی ہے۔ ڈاکٹر مہدی خواجے پیری ڈائرکٹر نور انٹرنیشنل مائیکرو فلم سنٹر نئی دہلی نے اسٹیٹ آرکائیوز سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے ادارہ نے ابھی تک نیشنل آرکائیوز ، جامعہ ملیہ اسلامیہ رضا لائبریری اور دیگر 25 اداروں کیلئے خدمات انجام دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تاحال مختلف زمرہ جات سے تعلق رکھنے والے تین لاکھ صفحات کا تحفظ کیا گیا ہے جو فارسی زبان پر مشتمل ہے۔ ایرانی سفیر اور کونسل جنرل نے اسٹیٹ آرکائیوز میں موجود آلات کا معائنہ کیا جس کے ذریعہ نایاب دستاویزات کا تحفظ کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کام کے معیار کی ستائش کی اور ایران کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ ڈپٹی ڈائرکٹر مہیش ریڈی ، ریجنل ڈائرکٹر نور انٹرنیشنل مائیکرو فلم سنٹر علی نرومیند ، اسسٹنٹ ڈائرکٹر محمد عبدالرقیب، کوآرڈینیٹنگ آفیسر جی سریکانت اور شریمتی سندھیا رانی کے علاوہ دوسرے موجود تھے۔ر