اسٹیٹ الیکشن کمیشن کیخلاف آندھرا حکومت ہائی کورٹ سے رجوع

   


حیدرآباد۔ آندھرا پردیش حکومت نے اسٹیٹ الیکشن کمیشن کی جانب سے پنچایت راج اداروں کے انتخابات کے اعلان کو ہائی کورٹ میں چیلنج کیا ہے۔ اسٹیٹ الیکشن کمیشن نے پنچایت راج اداروں کے انتخابات کے سلسلہ میں شیڈول جاری کرتے ہوئے عہدیداروں کے تبادلوں پر پابندی عائد کردی ہے۔ جسٹس یو درگا پرساد راؤ کی قیامگاہ پر ہاوز موشن پیش کیا گیا جس پر فاضل جج نے کہا کہ ہاوز موشن کے تحت اس معاملہ کی سماعت کی ضرورت نہیں ہے بلکہ وہ پیر کے دن اس کی سماعت کریں گے۔ حکومت نے اپنے حلف نامہ میں کہا ہے کہ کورونا بحران کے سلسلہ میں حکومت کی جانب سے پیش کردہ اندیشوں کے باوجود الیکشن کمیشن نے انتخابات کا فیصلہ کیا۔ اس کے علاوہ ریاست میں کورونا ٹیکہ اندازی کا کام باقی ہے۔ اسٹیٹ الیکشن کمشنر این رمیش کمار نے یکطرفہ طور پر انتخابات کا فیصلہ کرلیا۔ چیف سکریٹری اور دیگر عہدیداروں نے انتخابات کے سلسلہ میں دشواریوں سے کمیشن کو واقف کرایا تھا باوجود اس کے کمیشن نے شیڈول جاری کردیا۔ حکومت نے کہا کہ کورونا ویکسین کی ٹیکہ اندازی کیلئے بڑے پیمانہ پر انتظامات کئے جانے ہیں۔حکومت نے کہا کہ انتخابات کے سلسلہ میں بہار، کیرالا اور امریکہ کی مثالیں اس لئے قابل قبول نہیں ہیں کیونکہ ان مقامات پر انتخابات کے بعد کورونا کے کیسس میں اضافہ درج ہوا ہے۔