مختلف سہولیات کی فراہمی کے لئے صدر چیمبر آف کامرس ورنگل کی اپیل
ورنگل۔3 جون ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) تلنگانہ اسٹیٹ اگریکلچر اینڈ مارکنٹنگ ڈپارٹمنٹ کے کمشنر و ڈائرکٹر کے سریندر اموہن آئی اے ایس نے اینومامولہ زرعی مارکٹ کا دورہ کیا۔اس موقع پر ورنگل چامبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر بومینینی رویندر ریڈی اور ان کے ایگزیکٹیو ممبران نے ملاقات کی انہیں پھولوں کے گلدستے پیش کئے اور خیر مقدم کیا۔اس موقع پر کمشنر سریندر ا نے زرعی مارکٹ کے تمام یارڈس کا معائنہ کیا ،یارڈس میں زرعی مصنوعات کے کاروباری لین دین ،منافع بخش قیمتوں اور یارڈس میں دستیاب سہولیات کے بارے میں براہ راست دریافت کیا۔ انہوںنے پرائمری ہیلتھ سنٹر کا بھی دورہ کیا اور وہاں دستیاب تما م سہولتوں کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔اس موقع پر ورنگل اگریکلچر ل کے تمام یارڈس کی موجودہ صورتحال سے متعلق واقف کرواتے ہوئے صدر چامبر آف کامرس بی رویندر ریڈی نے کہاکہ صحن میں سی سی ٹی وی کیمرے اور لائٹینگ مناسب طریقے سے نصب کئے جائیں۔انٹگریٹیڈ مارکٹ کی جلد تعمیر مکمل کی جائے تاکہ پھلوں کے تاجر اپنا کاروبار بہتر طریقے سے کر پائیں۔انہوںنے کمشنر سے خواہش کی کہ مسلمہ کنٹہ مارکٹ کے مقام پر بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں اور یہاں کی صاف صفائی کے لئے مناسب اقدمات کئے جائیں۔انہوںنے کہا کہ پرائمری ہیلت سنٹر میں (ECG) مشین دستیاب کرائی جائے اور حمالی مزدوروں کے لئے طبی سہولیات بہتر بنایا جائے۔انہوںنے کہا کہ صحن میں ہونے والی سرقہ کی وارداتوں کو روکنے کے لئے سیکوریٹی عملہ میں اضافہ کیا جائے۔اس موقع پر مارکٹ ریجنل جائنٹ ڈائرکٹر ،چامبر کے نائب صدر موگیلی چندر مولی،جائنٹ سکریٹری ساگرلہ سرینواس ،خازن ایلی سمپت، اڈتی سیکشن کے صدر لنگا ریڈی ،سکریٹری کنچا سمپت، کاٹن سیکشن صدر سی ویرارائو ،چلیس سیکشن صدر راجیش ڈی کرانی ، ایکسپورٹ اینڈ امپورٹ سیکشن صدر رمیش بابو،سکریٹری ستیا نارائنا ،مارکیٹ کے دیگر عہدیدار ،مختلف سیکشنس کے صدور ، سکریٹریز اور کسان وغیرہ موجود تھے۔