حیدرآباد۔ تلنگانہ ہائی کورٹ نے اسٹیٹ میڈیکل کونسل کی کارکردگی میں تلنگانہ حکومت کی مداخلت پر اعتراض جتایا ہے۔ چیف جسٹس ہیما کوہلی اور جسٹس وجئے سین ریڈی پر مشتمل ڈیویژن بنچ نے کہا کہ کونسل کی کارکردگی میں حکومت کیلئے مداخلت کی گنجائش نہیں ہے لیکن حکومت نے بعض معاملات میں مداخلت کی ہے۔ ڈیویژن بنچ نے ڈاکٹر بی اروندتی کی درخواست کی سماعت کی جنہوں نے جی او نمبر 68 کی اجرائی کو چیلنج کیا جس کے ذریعہ کونسل میں منتخب نمائندوں کی تعداد میں کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کونسل میں نامزد ارکان کی تعداد میں کمی نہیں کی گئی لیکن منتخب ارکان کی تعداد کم کردی گئی ہے۔ درخواست گذار نے بتایا کہ منتخب نمائندوں کی تعداد کو 13 سے گھٹا کر 5کردیا گیا ہے جبکہ نامزد ارکان کی تعداد برقرار ہے۔ ہائی کورٹ نے اس معاملہ میں حکومت سے وضاحت طلب کی ہے۔