اسپائس جیٹ بیڑے میں مزید پانچ بوئنگ 737 طیارے

   

نئی دہلی، 13 اگست (یو این آئی) کفایتی فضائی سروس کمپنی اسپائس جیٹ نے آنے والے آئندہ موسم سرماسے پہلے اپنے بیڑے میں پانچ مزید بوئنگ 737 طیارے ڈیمپ لیز پر لینے کے لیے ایک معاہدہ کیا ہے ۔ قابل ذکر ہے کہ ڈیمپ لیز معاہدے کے تحت طیارے کے ساتھ پائلٹ اور دیگر عملہ بھی لیز دینے والی ایئرلائنز کا ہوتا ہے ۔ اسی کے ذمہ طیارے کی دیکھ بھال اور مرمت بھی ہوتی ہے ۔ صرف کیبن کریو اُس ایئرلائن کا ہوتا ہے جو طیارہ لیز پر لے رہی ہوتی ہے ۔ اس سے پہلے کمپنی نے جولائی میں بتایا تھا کہ پانچ طیاروں کے لیے ایک دوسرے آپریٹر کے ساتھ ڈیمپ لیز معاہدہ کیا گیا ہے ۔
اس طرح اب اسپائس جیٹ کل 10 بوئنگ 737 طیارے ڈیمپ لیز پر لے گی۔
اسپائس جیٹ نے بدھ کو ایک پریس ریلیز میں بتایا کہ ان میں سے زیادہ تر طیارے اکتوبر 2025 میں بیڑے میں شامل ہو جائیں گے ، جبکہ کچھ طیارے چند ہفتے پہلے ہی آجائیں گے ۔
اس کے علاوہ، ایئرلائن اس سال سردیوں سے پہلے اور بھی طیارے لیز پر لینے کے لیے بات چیت کر رہی ہے ۔