نئی دہلی۔7 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) کرناٹک پریمیئر لیگ (کے پی ایل) میں اسپاٹ فکسنگ پر آئے دن حیران کن انکشافات ہورہے ہیں۔ اب تک ایک ٹیم کے مالک،کوچ اور بیٹسمین کو بنگلور کرائم برانچ نے گرفتارکیا تھا اور اس لیگ میں اسپاٹ فکسنگ میں ایک اوربڑا نام سامنے آرہا ہے۔ پولیس نے فکسنگ میں دواورکرکٹروںکوگرفتارکیا ہے، جس میں سے ایک کرکٹر تو آئی پی ایل میں ویراٹ کوہلی کی رائل چیلنجرس بنگلوراورروہت شرما کی قیادت والی ممبئی انڈینس ٹیم کا بھی حصہ رہ چکا ہے۔ 33 سال کے سی گوتم کو پولیس نے گرفتار کیا ہے۔ ان کے ساتھ ہی ابرار قاضی بھی پولیس کی گرفت میں آچکے ہیں۔ ان پر کے پی ایل کے اس سیزن کے خطابی مقابلے میں سست بیٹنگ کے لئے 20 لاکھ روپئے لینے کا الزام ہے۔ گزشتہ روز ہی کرناٹک پریمیئرلیگ ٹی 20 ٹورنامنٹ کے کئی سیزن کھیلنے والے 29 سال کے نشانت سنگھ شیخاوت کو بنگلور میں کرائم برانچ پولیس نے گرفتارکیا تھا۔ ان پرلیگ کے گزشتہ سیزن میں میچ فکسنگ میں شامل ہونے کا الزام لگا۔ لیگ کی کئی ٹیموں کی طرف سے کھیلنے والے نشانت سنگھ شیخاوت پرالزام لگا ہیکہ انہوں نے سٹے بازکوٹیم کے کھلاڑیوں اورکوچنگ اسٹاف تک پہنچانے میں مدد کی تھی۔