بنگلورو: ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے نوجوان اوپنر شبمن گل سمجھتے ہیں کہ ان کا ٹسٹ کیریئر ابھی تک متوقع بلندیوں کو نہیں چھو سکا ہے، لیکن دائیں ہاتھ کا کھلاڑی اسپنرز کے خلاف بہتر دفاع پر گامزن ہے تاکہ آنے والے سیزن میں بہتر مظاہرہ کیا جا سکے جس میں 10 روایتی ٹسٹ فارمیٹ کے میچ ہوں گے۔ گِل نے رواں سال انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز میں500 کے قریب رنز بنائے ہیں اور ٹسٹ کرکٹ میں ان کا اب تک کا سب سے بہترین مظاہرہ ہے اور اب وہ بنگلہ دیش کے خلاف 19 ستمبر کو شروع ہونے والی دو میچوں کی سیریز میں اس کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں، جہاں اسے تجربہ کار مہمان اسپنرزکا ایک چیلنج رہے گا۔ گل نے کہا کہ میں نے اسپنرز کے خلاف اپنے دفاع پرکچھ زیادہ کام کیا۔ جب آپ اسپنرز کے خلاف ٹرننگ ٹریک پر کھیل رہے ہوں تو آپ کو بہت زیادہ دفاع کرنے کے قابل ہونا چاہئے، پھر آپ اسکورنگ شاٹس کھیل سکتے ہیں۔ یاد رہے کہ گل دلیپ ٹرافی میں ٹیم اے کی قیادت کریں گے۔