اسپنرس کے خلاف بیٹرس کی جدوجہد ، سوال پر گمبھیر برہم

   

چینی ۔ بنگلہ دیش کے خلاف 2 میچوں کی ٹسٹ سیریزکے آغاز سے قبل ٹیم انڈیا کے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر نے ایک اہم پریس کانفرنس کی۔ اس دوران ان سے اسپن کے خلاف ہندوستانی بیٹرس کی جدوجہد کے بارے میں پوچھاگیا۔ اس پر انہوں نے چونکا دینے والی بات کہی۔ گمبھیر نے اسپن کے خلاف کسی بھی مسئلے سے صاف انکارکیا۔ ان کے مطابق ہندوستانی بیٹر دنیا میں کسی بھی قسم کی بولنگ کا سامنا کرنے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں۔ اس طرح انہوں نے اپنے ہی کوچنگ عملہ کی باتوں کو غلط ثابت کرنے کی کوشش کی۔ اس کے بعد جب ہندوستان میں استعمال ہونے والے ٹرننگ ٹریک پر سوال اٹھایاگیا تو وہ غصے میں آگئے۔ انہوں نے پچ کی بحث کو ختم کرنے کی اپیل کی۔ سری لنکا کے خلاف ونڈے کے دوران ہندوستانی بیٹرس کے پسینے چھوٹ گئے تھے ۔ وہ اسپنرزکے خلاف جدوجہد کرتے نظر آئے۔ جس کی وجہ سے سیریز بھی ہارنی پڑی۔ اس کا حوالہ دیتے ہوئے گوتم گمبھیر سے سوال پر انہوں نے کہا ہمارے بیٹنگ شعبہ میں اتنی صلاحیت ہے کہ وہ کسی بھی قسم کے بولنگ شعبہ کا سامنا کرسکتی ہے۔ ٹسٹ اور ونڈے میں بہت فرق ہے۔ یہ کہہ کرگمبھیر نے اپنے کوچنگ اسٹاف میں اپنے ہی اسسٹنٹ کوچ ریان ٹین ڈیسچیٹ کے خیالات کی تردید کی ہے کیونکہ انہوں نے سری لنکا کے دورے کے دوران ہندوستان کی بیٹنگ میں اسپن کی پریشانی کا اعتراف کیا تھا۔ دوسری طرف اگر اعداد و شمار پر نظر ڈالیں تو گمبھیر کا بیان چونکا دینے والا ہے۔ 2013 اور 2020 کے درمیان ٹسٹ میں اسپن کے خلاف ہندوستانی بیٹرس کی اوسط 44 تھی لیکن2021 یہ 33 رہ گیا ہے۔