اسپنر ورون چکرورتی ٹی20 میں پہلا مقام حاصل کرلیا

   

دبئی،17ستمبر(آئی اے این ایس) ہندوستان کے اسپنر ورون چکرورتی نے آئی سی سی کی تازہ ترین ٹی20 آئی بولرز رینکنگ میں نیوزی لینڈ کے جیکب ڈفی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے پہلا مقام حاصل کر لیا۔ اسپنر نے تین درجے ترقی پاتے ہوئے پہلی بار اپنے کیریئر میں یہ مقام حاصل کیا۔ اس کے ساتھ ہی وہ جسپریت بمراہ اور روی بشنوئی کے بعد آئی سی سی ٹی20 آئی بولرز رینکنگ میں نمبر ایک مقام حاصل کرنے والے تیسرے ہندوستانی بولر بن گئے۔ 34 سالہ چکرورتی نے ہندوستان کی ایشیا کپ 2025 کی مہم کے افتتاحی میچ میں متحدہ عرب امارات کے خلاف شاندار بولنگ کی۔ انہوں نے دو اوورز میں صرف چار رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی جبکہ سینئر اسپنرکلدیپ یادو نے حریف ٹیم کی بیٹنگ لائن اپ کو تہس نہس کر دیا۔ ہندوستان کے گروپ اے کے دوسرے میچ میں روایتی حریف پاکستان کے خلاف لیگ اسپنر نے چار اوورز میں 24 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی اور شاندار اکانومی 6.00 برقرار رکھی۔ اب ہندوستان کے پاس ٹسٹ اور ٹی20 آئی دونوں فارمیٹس میں بولرزکی درجہ بندیمیں نمبر ایک کھلاڑی موجود ہیں، جہاں جسپریت بمراہ سرخ گیند کے فارمیٹ میں آرام دہ برتری کے ساتھ نمبر ایک مقام پر موجود ہیں۔ علاوہ ازیںکلدیپ یادو، جو رواں ایشیا کپ میں ہندوستان کی اسپن شعبہ کی قیادت کر رہے ہیں، انہوں نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے16 درجے ترقی کی اور اب وہ 23 ویں مقام پر پہنچ گئے ہیں۔ آسٹریلیا کے ایڈم زمپا ایک درجہ ترقی پا کر چوتھے نمبر پر آگئے ہیں ، جبکہ سری لنکا کے نوان تشارا نے چھ درجے ترقی کرکے چھٹے نمبر پر جگہ بنائی۔ تازہ ترین درجہ بندی میں دیگر نمایاں کھلاڑیوں میں پاکستان کے ابرار احمد (11 درجے ترقی) اور صوفیان مقیم (چار درجے ترقی) شامل ہیں، جو بالترتیب 16ویں اور 11ویں مقام پر پہنچ گئے ہیں۔ بیٹرزکی درجہ بندی میں ہندوستانی بیٹر ابھیشیک شرما بدستور نمبر ایک مقام پر موجود ہیں اور انہوں نے اپنے کیریئر کا سب سے زیادہ 884 پوائنٹس حاصل کیے ہیں۔ انگلینڈ کے فل سالٹ اور جوس بٹلر ایک ایک درجہ ترقی پاتے ہوئے بالترتیب دوسرے اور تیسرے مقام پرآگئے۔ ہندوستانی کپتان سوریا کمار یادو ایک درجہ نیچے کھسک کر ساتویں مقام پر چلے گئے، جبکہ سری لنکا کے پاتھم نسانکا ان کی جگہ چھٹے مقام پر آگئے۔ جنوبی افریقہ کے ڈیوالڈ بریوس، جنہوں نے حالیہ دنوں میں شاندار اننگز کھیلی ہیں، ٹاپ 10 میں داخل ہونے کے قریب ہیں اور فی الحال 11ویں مقام پر ہیں۔یادرہے کہ حالیہ دنوں میں ہندوستانی کھلاڑیوں کی ہر طرز کی کرکٹ میں مظاہرے کافی شاندار رہے ہیں ۔