حیدرآباد: خدمات کو باقاعدہ بنانے کامطالبہ کرتے ہوئے اسپورٹس اتھاریٹی آف تلنگانہ کے کنٹراکٹ کوچس نے حیدرآباد کے ایل بی اسٹیڈیم کے روبرو دھرنا دیا۔انہوں نے اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے اس معاملہ پر برہمی ظاہر کی اور کہا کہ تقریبا28برس سے وہ کنٹراکٹ کی بنیاد پر خدمات انجام دے رہے ہیں تاہم ہنوز ان کی خدمات کو باقاعدہ نہیں بنایاگیا ہے جو افسوس کی بات ہے ۔انہوں نے کہاکہ مناسب وقت پر تنخواہیں بھی نہ ملنے کے نتیجہ میں ان کو کافی مشکلات کا سامنا ہے ۔انہوں نے کہاکہ ریاستی حکومت کی طرف سے کھلاڑیوں اور کوچس کو کسی بھی طرح کا تعاون نہیں ہے ۔ تلنگانہ کوریاست کادرجہ دیئے جانے کے بعد بھی ان کی حالت میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ ان کوچس نے اسپورٹس اتھاریٹی آف تلنگانہ(ایس اے ٹی ایس) کے چیئرمین اے وینکٹیشور ریڈی کی کار کوروک دیا اور ان کو دفتر کے اندر جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔انہوں نے الزام لگایا کہ ان کو تنخواہ بھی وقت پر نہیں دی جارہی ہے جس سے ان کو مشکلات کا سامنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 33 اضلاع میں 330 کوچس کی ضرورت ہے لیکن اس وقت ریاست میں صرف 4 باقاعدہ کوچس موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین وینکٹیشور ریڈی کو بھی ان کے مسائل کی پرواہ نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ تین ماہ قبل وزیرا نفارمیشن ٹکنالوجی تارک راما راو نے حکام کو مشورہ دیا تھا کہ وہ ان کے مسائل حل کرے تاہم تب سے اب تک فائلیں وہیں کی وہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس مسئلہ کو وزیراعلی کے علم میں لانے کیلئے ہی یہ دھرنا دیاجارہا ہے ۔