ریاض ۔17 جون (سیاست ڈاٹ کام) سعودی وزارت کھیل نے عوام کی صحت اور حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے مختلف کھیلوں اور کھیل سے متعلق دیگر سرگرمیاں دوبارہ شروع کرنے کے لیے ہدایت نامہ جاری کیا ہے۔سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق پروٹوکول کی اس گائیڈ میں ان ضوابط کے بارے میں آگاہ کیا گیا ہے جس میں کھیلوں کی کلبوں کو تربیتی مشقوں کے دوران بھی عمل کرنا ہوگا۔واضح رہے کورونا وائرس کے پھیلاو کی روک تھام کے لیے سعودی عرب میں تمام کھیلوں اور ورزش کے مراکز پر پابندی عاید کر دی گئی تھی۔ اب احتیاطی تدابیر اپناتے ہوئے جم میں ورزش کرنے یا نجی سہولیات کے لئے الگ گائیڈ لائن دی گئی ہے۔ان ضوابط میں اولین طور پر تمام کلبوں پر یہ پابندی عائد کی گئی ہے کہ وہ لازمی طور پر کلب میں سینیٹائزر کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔ کھلاڑیوں کو آپس میں مصافحہ کرنے یا ایک دوسرے سے ٹکرانے سے مکمل اجتناب کرنا ہو گا۔کھیلوں کے علاقے یا اس سے متعلقہ دیگر تمام علاقوں میں معاشرتی فاصلے کے سٹکرز چسپاں کرنے بھی ضروری ہوں گے۔سرکاری خبر ایجنسی کی جانب سے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تائیکوانڈو اور کراٹے جیسے کچھ کھیلوں یا اس سے متعلقہ کسی بھی ٹورنامنٹ کی اجازت نہیں ہوگی جب کہ اس کھیل کے لیے انفرادی طور پر مشقیں کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔