راجیو گاندھی کو خراج، لال بہادر اسٹیڈیم میں کانگریس کے سینئر قائدین کی شرکت
حیدرآباد۔/22 جنوری، ( سیاست نیوز) لال بہادر اسٹیڈیم میں جاری راجیو گاندھی آل انڈیا انڈر 19 کرکٹ ٹورنمنٹ کے موقع پر اے آئی سی سی تلنگانہ انچارج مانک راؤ ٹھاکرے، صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی، سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا اور اے آئی سی سی سکریٹری روہت چودھری نے سیمی فائنل مقابلوں کی ٹیموں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر راجیو گاندھی کے پورٹریٹ پر پھول نچھاور کئے گئے۔کرکٹ ٹورنمنٹ کے روح رواں وی ہنمنت راؤ نے کانگریس قائدین کو مدعو کیا تھا۔ اس ٹورنمنٹ میں ہندوستان کے مختلف شہروں کے علاوہ بیرونی ممالک کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ اس موقع پر ریونت ریڈی نے آنجہانی راجیو گاندھی کی جانب سے اسپورٹس کی حوصلہ افزائی کا ذکر کیا اور کہا کہ ہندوستان نے کئی کھیلوں میں بین الاقوامی سطح پر بہترین مظاہرہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ سینئر قائد ہنمنت راؤ کی جانب سے ہر سال کرکٹ ٹورنمنٹ کا انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کئی مسائل کے باوجود ٹورنمنٹ کا بلاوقفہ انعقاد قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہنمنت راؤ طویل سیاسی تجربہ رکھتے ہیں لیکن انہوں نے سیاست سے کچھ بھی نہیں کمایا۔ نوجوانوں کی کھیل کود میں حوصلہ افزائی کیلئے کرکٹ ٹورنمنٹ منعقد کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ راجیو گاندھی نے نوجوانوں کیلئے ووٹ دینے کی عمر کو 21 سے گھٹاکر 18 کردیا ہے۔ مانک راؤ ٹھاکرے اور دیگر قائدین نے ہنمنت راؤ کی ستائش کی اور کھلاڑیوں سے ملاقات کی۔ر