کراچی:پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ کرکٹ ہی پاکستان اور ہندوستان کے درمیان تعلقات کو بہتر بنا سکتا ہے ، اسپورٹس ڈپلومیسی سے بہتر کوئی حکمت نہیں۔ سابق کپتان نے ’’وائس آف امریکہ اردو‘‘ کو انٹریو میں کرکٹ کے حوالے سے پاکستان۔ انڈیا تعلقات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پڑوسیوں کا حق ہے کہ ایک دوسرے کا خیال کریں۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ مثبت ردعمل کا مظاہرہ کیا ہے ، پاکستانی ٹیم کو آئی سی سی ورلڈ کپ 2023ء کیلئے بھارت بھیجنے کا فیصلہ خوش آئند ہے ، یہ کرکٹ ہی ہے جو دونوں ملکوں کے تعلقات کو بہتر بنا سکتی ہے ۔ تاہم دوسری جانب ہندوستان نے ورلڈ کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کو خصوصی سیکیورٹی دینے سے انکار کر دیا ہے ۔ہندوستانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ کوئی خصوصی برتاؤ نہیں کیا جائے گا، میگا ایونٹ میں پاکستان کو وہی سہولتیں دی جائیں گی جو دوسرے ملکوں کی ٹیموں کو حاصل ہوں گی۔