20 تا 22 نومبر اسنادات کی جانچ کرانے 393 امیدواروں کو ہدایت ،سرکیولر جاری
حیدرآباد : /14 نومبر (سیاست نیوز) محکمہ تعلیم نے ٹیچرس جائیدادوں کے تقرررات میں بے قاعدگیوں کی نشاندہی کرکے ڈی ایس سی اسپورٹس کوٹہ میں منتخب امیدواروں کے اسنادات کی دوبارہ جانچ کا فیصلہ کیا ہے ۔ /20 نومبر سے یہ عمل شروع کرنے کا سرکیولر جاری کیا ۔ اسپورٹس کوٹہ میں ملازمتوں کیلئے منتخب امیدواروں کے اسنادات کی دوبارہ جانچ کی ٹیلیفون کے ذریعہ امیدواروں کو اطلاع دی گئی ۔ ریاست میں 11062 ٹیچرس جائیدادوں پر تقررات کیلئے حکومت نے اعلامیہ جاری کیا ہے ۔ جس میں 10006 جائیدادوں پر تقررات کئے گئے ۔ ان تقررات میں چند بے قاعدگیوں کی نشاندہی کی گئی ہے ۔ اہل نہ رہنے والے بھی منتخب ہونے کا شبہ کیا جارہا ہے ۔ ضلع کھمم میں ایسے واقعات منظر عام پر آئے ہیں چند اضلاع میں لینگویج پنڈت جائیدادوں کیلئے منتخب ہونے والوں میں چند نااہل امیدواروں کی نشاندہی کی گئی ۔ جنہیں ملازمتوں سے علحدہ کیا گیا ۔ اس کے ذمہ دار ہیڈ ماسٹرس کو معطل کیا گیا ہے ۔ تازہ طور پر اسپورٹس کوٹہ میں ٹیچرس کی جائیدادوں کیلئے منتخب ہونے والوں میں چند امیدوار نااہل ہونے کی بڑے پیمانے پر شکایتیں وصول ہوئی ہیں جس کے بعد اس کوٹہ کے تحت منتخب ہونے اور منتخب نہ ہونے والے امیدواروں کے اسنادات کی دوبارہ جانچ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ اس سلسلے میں 20 تا 22 نومبر کے درمیان دومل گوڑہ کے فزیکل ایجوکیشن کالج میں اسنادات کے جانچ کے پروگرام کا انعقاد کیا جارہا ہے ۔ جس کیلئے جملہ 393 امیدواروں کو اطلاع دی گئی ہے ۔ تمام اضلاع میں 100 ٹیچرس کی جائیدادیں اسپورٹس کوٹہ کے تحت مختص کی گئی ۔ تاہم اس کوٹہ میں تقریباً 132 امیدوار ٹیچرس جائیدادوں کیلئے منتخب ہوئے ۔ امیدوار دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے اس کوٹہ کی ماباقی جائیدادوں کو نان اسپورٹس کوٹہ میں بھرتی کیا گیا ۔ تقررات کا عمل مکمل ہونے کے بعد منتخب نہ ہونے والے امیدواروں کے بڑے پیمانے پر شکایتیں وصول ہوئی جس کے بعد محکمہ تعلیم نے منتخب اور منتخب نہ ہونے والے امیدواروں کے اسنادات کی جانچ کرنے کا شیڈول جاری کیا گیا ہے ۔ 2