جموں۔ جموں وکشمیر حکومت کے محکمہ فائنانس کے سپیشل سکریٹری اور سابق ضلع مجسٹریٹ کولگام ڈاکٹر شمیم احمد وانی گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں میں ہفتے کے روز کورونا سے انتقال کر گئے ۔ آپ بیچ 1999 کے کشمیر ایڈمنسٹریٹیو سروس (کے اے ایس) افسر تھے ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ 54 سالہ ڈاکٹر شمیم احمد وانی کو چند روز قبل جی ایم سی جموں میں داخل کیا گیا تھا جہاں ہفتے کے روز قریب ساڑھے گیارہ بجے دن کورونا سے ان کی موت واقع ہوئی۔ سری نگر کے مضافاتی علاقہ پاندچھ سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر شمیم احمد جموں وکشمیر حکومت کے بہترین ماہر اقتصادیات مانے جاتے تھے ۔ آپ نے اپنے کیرئر میں زیادہ تر وقت محکمہ فائنانس کی خدمت میں ہی صرف کیا۔ دریں اثنا جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے موصوف افسر کے انتقال پر اظہار دکھ کیا ہے ۔ انہوں نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا: محکمہ فائنانس کے سیشل سکریٹری کے بطور تعینات سینئر کے اے ایس افسر ڈاکٹر شمیم احمد وانی کے انتقال پر تعزیت پیش کرتا ہوں۔ وہ ایک محنتی افسر تھے جنہوں نے یونین ٹریٹری میں مختلف محکموں میں خدمات انجام دی ہیں ۔