دہرہ دون : کورونا انفیکشن سے بچنے کے لیے لوگ بھلے ہی بڑے بڑے دعوے کریں، لیکن کئی لوگوں کا دعویٰ اب تک کھوکھلا ثابت ہو چکا ہے۔ تازہ معاملہ اتراکھنڈ بی جے پی صدر بنشی دھر بھگت کا ہے جو ’اسپیشل لاکٹ‘گلے میں لٹکائے گھومتے تھے اور کہتے تھے کہ ایک میٹر کے دائرے میں کوئی وائرس داخل نہیں ہو سکتا۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق جمعہ کی شب ان کی کورونا ٹیسٹ رپورٹ پازیٹو برآمد ہوئی ہے۔ اس سلسلے میں بنشی دھر بھگت نے خود بھی ٹوئٹ کر جانکاری دی ہے اور کہا ہے کہ گزشتہ ہفتہ جو بھی پارٹی لیڈران و کارکنان ان کے رابطے میں آئے ہیں وہ کورونا ٹیسٹ کروا لیں۔ بھگت کے کورونا پازیٹو ہونے پر ہنگامہ اس لیے بھی برپا ہے کیونکہ وہ کئی بار بغیر ماسک لگائے اور سوشل ڈسٹنسنگ کے نظر آئے، جب کسی نے اعتراض کیا تو گلے میں لٹکے ‘کورونا سیفٹی پاؤچ’ کی طرف اشارہ کر کے کہہ دیا کہ وہ محفوظ ہیں۔