میڈرڈ: مشرقی اسپین میں ایک کثیر منزلہ رہائشی عمارت میں لگنے والی آگ کے باعث مکینوں نے بالکونیوں سے چھلانگیں لگا کر جانیں بچائیں۔ہنگامی سروسز کے مطابق مشرقی ہسپانیہ کے ساحلی شہر ویلینسیا میں ایک کثیر المنزلہ رہائشی عمارت میں لگنے والی آگ سے کم از کم چار افراد ہلاک اور 14 زخمی ہو گئے۔سٹی کونسل کے ایک ذریعے نے بتایا کہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے جب کہ 19 افراد لاپتہ ہیں۔عینی شاہدین اور ایمرجنسی سروسز نے بتایا کہ آگ جمعرات کی شام چوتھی منزل پر لگی اور تیزی سے پوری عمارت میں پھیل گئی۔ آتشزدگی کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کررہی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ آگ کے شعلے اور دوھوئیں کے بادلوں نے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔والنسیا کے علاقے میں ایمرجنسی سروسز کے ڈپٹی ڈائریکٹر جارج سواریز ٹوریس نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ “چار افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی جا چکی ہے مگر کئی افراد لاپتہ ہیں اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ موجود ہے”۔ایمرجنسی سروسز نے اطلاع دی ہے کہ 14 افراد کو جھلسے جانے کے بعد فوری طبی امداد فراہم کی گئی جن میں سے 12 کو شہرکے ہاسپٹلسوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
