اسپین کا بھی غزہ فلوٹیلا کی مدد کیلئے بحری جہاز روانہ

   

میڈرڈ،25 ستمبر (یو این آئی) اٹلی کے بعد اسپین نے بھی غزہ کی جانب رواں گلوبل صمود فلوٹیلا کے تحفظ کیلیے میدان میں اترنے کا اعلان کر دیا۔ خبر رساں ایجنسی روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق اسپین کے وزیر اعظم پیڈرو سانچیز نے اعلان کیا کہ وہ اٹلی کے ساتھ مل کر ایک فوجی بحری جہاز بھیجیں گے تاکہ غزہ کیلیے امداد پہنچانے والے گلوبل صمود فلوٹیلا کی حفاظت کی جائے ۔ پیڈور سانچیز نے نیویارک میں پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ 45 ممالک کے شہری اس فلوٹیلا پر سوار ہیں جو غزہ کے فلسطینیوں کیلیے خوراک پہنچانے اور ان کے دکھ درد کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کیلیے جا رہا ہے ۔ اسپین کے وزیر اعظم نے کہا کہ اسپین کی حکومت اس بات پر زور دیتی ہے کہ بین الاقوامی قانون کا احترام کیا جائے اور ہمارے شہریوں کے بحیرہ روم میں محفوظ حالات میں جہاز رانی کے حق کا احترام ہونا چاہیے ۔ ان کا کہنا تھا کہ کل ہم کارٹاگینا سے ایک بحری جہاز روانہ کریں گے جس میں تمام ضروری وسائل ہوں گے تاکہ اگر ضرورت پڑی تو فلوٹیلا کی مدد کی جا سکے اور بچاؤ کیلیے آپریشن کیا جا سکے ۔ واضح رہے کہ گلوبل صمود فلوٹیلا (چھوٹے جہازوں کا قافلہ) پر تقریباً 44 ممالک کے سماجی کارکن، سیاستدان و دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد سوار ہیں جن کا بنیادی مقصد اسرائیلی محاصرہ توڑ کر غزہ کے مظلوم فلسطینیوں تک خوراک، ادویات و دیگر ضروری سامان پہنچانا ہے ۔ قافلے میں رہنما جماعت اسلامی پاکستان و سابق سینیٹر مشتاق احمد خان بھی سوار ہیں جو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے مسلسل اپڈیٹ شیئر کر رہے ہیں۔ ‘مارچ ٹو غزہ یونان’ کے ترجمان ماریکائیٹی سٹاسینو نے بتایا کہ ان کشتیوں پر یونان کے جزیرے گاودوس سے 30 ناٹیکل میل (56 کلومیٹر) دور بین الاقوامی پانیوں میں 12 ڈرونز نے حملہ کیا۔