میڈرڈ، 2 ستمبر (یو این آئی) اسپین کے بادشاہ فلیپ ششم نے یورپی سوسائٹی آف کارڈیالوجی کے سالانہ کانگریس کے ایک اہم اجلاس میں شرکت کی جبکہ شہزادی لیونور نے بھی اسی روز اپنی فوجی تربیت کے آخری کورس کا آغاز کیا۔ شاہی خاندان کی جانب سے انسٹاگرام پر جاری بیان کے مطابق بادشاہ فلیپ نے کانگریس کے ہارٹ اینڈ سوسائٹی سیشن میں شرکت کی، جس میں دنیا بھر سے ماہرین امراض قلب نے شرکت کی۔ اس موقع پر بادشاہ فلیپ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ماہرین کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ نے مکالمے کی ایک بیش قیمت مثال پیش کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قلبی صحت ایک عالمی مسئلہ ہے اور علم جب ترقی کے لیے استعمال ہو تو اس کی کوئی سرحد نہیں ہونی چاہیے ۔ دوسری جانب، اسی روز ولی عہد شہزادی لیونور نے جنرل ایئر اینڈ اسپیس اکیڈمی سان جاویر میں اپنی عسکری تربیت کے آخری مرحلے کا آغاز کیا۔ اس موقع پر شہزادی نے اکیڈمی کے مختلف حصے دیکھے ، سمیولیٹر ایریا کا معائنہ کیا اور ایک جدید تربیتی طیارے کے کاک پٹ میں بیٹھ کر عملی مشق کا تجربہ بھی کیا۔