لوموڈیل پینو (اسپین) ۔ 19 ۔ اگست (سیاست ڈاٹ کام) اسپین میں سیاحوں کے پسندیدہ مقام اور ساتھ ہی ساتھ دیگر مقامی لوگوں کیلئے تعطیلات گزارنے کیلئے مقبول گران کناریہ جزیرہ میں لگی جنگل کی آگ نے تشویشناک صورتحال اختیار کرلی ہے۔ حکام کے مطابق آگ کی سنگینی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ اسے بجھانے میں ایک طویل عرصہ درکار ہوگا کیونکہ آگ کو ہستانی علاقوں تک پھیل گئی ہے جسے کروز ڈی تبجیڈا کے نام سے بھی جانا جاتا ہے ۔ یہ علاقہ ا پنے قدرتی مناظر کیلئے سیاحوں کا مقبول ترین علاقہ ہے ۔ اسی دوران جزیرہ کناریہ کے صدر اینجل وکٹر ٹوریس نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ایک خوبصورت مقام اب ایک بھیانک خواب بن گیا ہے ۔ اب تک کسی کی ہلاکت کی اطلاع نہیں ہے ۔ شدت کی گرمی اور تیز چلنے والی ہواؤں کی وجہ سے آگ پر قابو پانے کیلئے آتش فرو عملہ کے 600 ارکان اور 14 طیارے پوری جدوجہد کر رہے ہیں جب کہ 8000 افراد کا تخلیہ کرواتے ہوئے انہیں محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے ۔
