اسپین کے شاہ ششم کا دورۂ عراق

   

بغداد۔ 30 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) اسپین کے کنگ فلپ ششم نے عراق کا دورہ کرتے ہوئے ان فوجیوں سے ملاقات کی جو جہادیوں سے لڑنے کیلئے عراق کی مدد کررہے ہیں۔ کسی بھی اسپینی شاہ کا عراق جیسے جنگ زدہ ملک کا گزشتہ 40 سال میں یہ پہلا دورہ ہے۔ یاد رہے کہ اسپین کی فوج بھی بین الاقوامی اتحاد کا حصہ ہے جو دولت اسلامیہ گروپ سے نبردآزما ہے۔ انہوں نے صدر عراق برہم صالح سے بھی ملاقات کی۔ عراق نے 2017ء میں کئی ماہ کی طویل جنگ کے بعد دولت اسلامیہ پر فتح حاصل کرنے کا اعلان کیا تھا جسے اتحادی فوج کا تعاون بھی حاصل تھا جو اب بھی جہادیوں کے خلاف نبردآزما ہے۔ اسپین نے 2003ء میں امریکی قیادت میں عراق پر فوج کشی میں بھی حصہ لیا تھا جس نے صدام حسین حکومت کا تختہ پلٹ کر انہیں معزول کردیا تھا۔ عراق میں آج بھی ہسپانوی ملٹری انسٹرکٹرس کی کثیر تعداد موجود ہے۔