میں مکمل صحت مند ہوں ، فکر کی ضرورت نہیں ، کے سی آر کا جواب
حیدرآباد۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اسپیکر اسمبلی پوچارام سرینواس ریڈی اور صدر نشین قانون ساز کونسل جی سکھیندر ریڈی سے فون پر بات کی اور کہا کہ وہ مکمل طور پر صحت مند ہیں اور بہت جلد اپنی معمول کی مصروفیات کا آغاز کردیں گے۔ چیف منسٹر جو کورونا پازیٹیو آنے کے بعد فارم ہاوز میں ہوم آئسولیشن میں ہیں عہدیداروں اور اہم قائدین سے فون پر ربط میں ہیں۔ اگرچہ کئی ریاستی وزراء، اپوزیشن قائدین اور مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیتوں نے کے سی آر کی عاجلانہ صحت یابی کیلئے ٹوئیٹر پر نیک تمناؤں کا اظہار کیا لیکن چیف منسٹر نے فون پر اسپیکر اسمبلی اور صدرنشین قانون ساز کونسل سے بات چیت کی۔ چیف منسٹر نے اسپیکر سے کہا کہ کورونا کی معمولی علامات پائی گئیں جبکہ وہ مکمل طور پر صحت مند ہیں اور کسی اور قسم کا عارضہ نہیں ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ صحت کے بارے میں پریشان ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ تلنگانہ کے کروڑہا عوام کی دعاؤں کے نتیجہ میں وہ جلد صحت یاب ہوں گے۔ اسپیکر نے چیف منسٹر سے عاجلانہ صحت یابی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور کہا کہ بہت جلد چیف منسٹر عوامی خدمات میں دوبارہ منہمک ہوجائیں گے۔ صدرنشین قانون ساز کونسل جی سکھیندر ریڈی نے بھی فون پر چیف منسٹر کی خیریت دریافت کی۔ چیف منسٹر نے انہیں بھی اپنی صحت کے مستحکم ہونے کی اطلاع دی اور کہا کہ عوام کو فکر مند ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ سکھیندر ریڈی نے عاجلانہ صحت یابی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔ پارٹی کے مختلف قائدین اور وزراء کی جانب سے دعائیہ اجتماعات کا اہتمام کرتے ہوئے کے سی آر کی عاجلانہ صحت یابی کی دعا کی جارہی ہے۔