اسپیکر اسمبلی نے آج مزید دو ارکان اسمبلی کو کلین چٹ دے دی

   

بی آر ایس کی جانب سے دائر کی گئی درخواست مسترد کردی گئی
حیدرآباد ۔15 ۔ جنوری (سیاست نیوز) اسپیکر تلنگانہ قانون ساز اسمبلی جی پرساد کمار نے ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے مزید دو ارکان اسمبلی پوچارم سرینواس ریڈی اور کالے یادیا کو کلین چٹ دے دی ہے۔ پارٹی تبدیل کرنے کا کوئی ثبوت نہ ہونے کا اسپیکر نے دعویٰ پیش کرتے ہوئے ان کے خلاف دائر کی گئی درخواستوں کو خارج کردیا۔ ماضی میں پانچ ارکان اسمبلی کے معاملہ میں بھی اسپیکر نے یہی فیصلہ سنایا تھا۔ مزید تین ارکان اسمبلی کے مقدمہ کو زیر التواء رکھا گیا ہے۔ بہت جلد ڈی ناگیندر ، کڈیم سری ہری اور سنجے کے کیس میں بھی اسپیکر اپنا فیصلہ سنایا۔ بی آر ایس کی جانب سے 10 ارکان اسمبلی کے پارٹی تبدیل کرنے کے خلاف ان کی اسمبلی رکنیت کو ختم کرنے کیلئے اسپیکر اسمبلی کو نوٹس دی گئی تھی، معاملہ ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ تک بھی پہنچا تھا۔ سپریم کورٹ نے اسپیکر اسمبلی کو تین مہینہ میں اس کیس کی سنائی کرنے کی ہدایت دی تھی جس کے پیش نظر اسپیکر اسمبلی نے گزشتہ ماہ 17 ڈسمبر کو 5 ارکان اسمبلی اے گاندھی (شیر لنگم پلی) ، ٹی وینکٹ راؤ (ضلع کھمم) ، جی مہیپال ریڈی (پٹن چیرو) ، بی کرشنا موہن (گدوال) ، ٹی پرکاش گوڑ (راجندر نگر) کے خلاف دائر کی گئی درخواستوں کو بھی پارٹی تبدیل کرنے کا کوئی ثبوت نہ ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے خارج کردیا تھا اور انہیں بی آر ایس کے ارکان اسمبلی ہی قرار دیا تھا۔ واضح رہے کہ کل سپریم کورٹ میں اس کیس کی سماعت ہے جس کے پیش نظر اسپیکر اسمبلی نے آج مزید دو ارکان اسمبلی کو کلین چٹ دیتے ہوئے انہیں بی آر ایس کے ارکان اسمبلی قرار دیا اور ساتھ ہی بی آر ایس کی جانب سے دائر کی گئی درخواست کو خارج کردیا۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ اس پر بی آر ایس کا ردعمل کیا ہوگا اور کل سپریم کورٹ کیا فیصلہ سنائے گا۔2