اسپیکر اسمبلی نے ایٹالہ راجندر کو ملاقات کا وقت نہیں دیا،آفس پر استعفیٰ پہونچا دینے کا مشورہ ، آئندہ ہفتہ ایٹالہ کی بی جے پی میں شمولیت

   

حیدرآباد :۔ اسپیکر اسمبلی پوچارام سرینواس ریڈی نے ایٹالہ راجندر سے ملاقات کرنے سے انکار کرتے ہوئے انہیں اپنا مکتوب استعفیٰ اپنے آفس میں پیش کردینے کا مشورہ دیا ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ سابق ریاستی وزیر نے اسپیکر سے راست ملاقات کرتے ہوئے مکتوب استعفیٰ پیش کرنے کا پہلے اعلان کیا تھا اور اسی سلسلہ میں انہوں نے اسپیکر پوچارام سرینواس ریڈی سے ٹیلی فون پر بات چیت کی اور ان سے ملاقات کے لیے وقت طلب کیا تاکہ مکتوب استعفیٰ پیش کیا جاسکے تاہم اسپیکر نے کورونا کا بہانہ کرتے ہوئے بتایا کہ وہ گھر سے باہر نہیں نکل رہے ہیں اور حالت بہتر ہونے تک باہر نکلنے کا ارادہ نہیں ہے ۔ اسپیکر نے ایٹالہ راجندر کو مشورہ دیا کہ وہ ان کے آفس میں مکتوب استعفیٰ پہونچا دیں جس کا وہ جائزہ لیں گے ۔ ایٹالہ راجندر 13 یا 14 جون کو دہلی پہونچکر بی جے پی میں شامل ہونے کا پلان تیار کیا ہے ۔ وہ راست طور پر اسپیکر سے ملاقات کرنا چاہتے تھے ۔ ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ ایٹالہ راجندر بذریعہ فیکس مکتوب استعفیٰ اسپیکر کے آفس کو روانہ کرنے پر غور کررہے ہیں ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ ایٹالہ راجندر ٹی آر ایس کے کئی ناراض قائدین سے تبادلہ خیال بھی کررہے ہیں اور انہیں بی جے پی میں شامل کرنے کی ترغیب دے رہے ہیں ابھی تک 5 قائدین نے ایٹالہ راجندر کی پیشکش کو قبول کرلیا ہے ۔۔