اسپیکر اسمبلی کی جانب سے غریب خاندانوں میں 25 کیلو چاول کی تقسیم

   

Ferty9 Clinic

دیہی مواضعات کا دورہ، مقامی عوامی نمائندوں کو تقسیم کی ذمہ داری
حیدرآباد۔ 9 اپریل (سیاست نیوز) اسپیکر تلنگانہ قانون ساز اسمبلی پوچارم سرینواس ریڈی نے لاک ڈائون سے متاثرہ غریب خاندانوں میں بڑے پیمانے پر چاول کی تقسیم کا عمل شروع کیا ہے۔ پوچارم ٹرسٹ کی جانب سے ہر غریب خاندان میں 25 کیلو چاول کی تقسیم کا آغاز ہوا۔ اسپیکر نے اپنے اسمبلی حلقہ بانسواڑہ کے غریبوں میں چاول حوالے کیا۔ سفید راشن کارڈ ہولڈرس کو حکومت کی جانب سے اناج دیا جارہا ہے جبکہ دیگر غریب خاندان اس سے محروم ہیں۔ اسپیکر نے بکنور منڈل کے مواضعات کا دورہ کرتے ہوئے چاول کی تقسیم عمل میں لائی۔ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پوچارم سرینواس ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو کی قیادت میں تلنگانہ ریاست میں سب سے پہلے غریبوں کے لیے پیاکیج کا اعلان کیا۔ 12 کیلو چاول اور 1500 روپئے کی امداد دی جارہی ہے۔ تلنگانہ کے بعد دیگر ریاستوں میں بھی معاشی پیاکیج کا اعلان کیا ہے۔ چیف منسٹر نے دیگر غریب خاندانوں کو امداد سے محروم نہ رکھنے کے مقصد سے 500 روپئے اور اناج کا اعلان کیا جن میں دیگر ریاستوں کے مزدور بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بانسواڑہ اسمبلی حلقے کے 126 گرام پنچایتوں کے تحت 230 مواضات میں مقامی عوامی نمائندے غریبوں کی نشاندہی کرتے ہوئے چاول تقسیم کئے جائیں گے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ حکومت کی ہدایات پر سختی سے عمل کرتے ہوئے لاک ڈائون کی پابندی کریں اور سماجی دوری برقرار رکھیں۔ اسپیکر نے کہا کہ وائرس سے نمٹنے کا واحد راستہ سماجی دوری اور احتیاطی تدابیر ہیں۔