اسپیکر اسمبلی کی دختر وقارآباد کی میونسپل چیرپرسن منتخب

   

تلنگانہ کی کم عمر میونسپل چیرپرسن کا اعزاز،مختلف گوشوں سے مبارکبادکی پیشکشی

حیدرآباد 17 فروری (سیاست نیوز) اسپیکر تلنگانہ اسمبلی جی پرساد کمار کی دختر جی اننیا ریاست کی سب سے کم عمر میونسپل چیرپرسن کا اعزاز حاصل کرچکی ہیں۔ 24 سالہ جی اننیا وقارآباد میونسپلٹی کے وارڈ 17 سے منتخب ہوئیں اور اُنھیں چیرپرسن کے عہدہ پر فائز کیا گیا۔ انہیں 1138 ملے اور اُن کے حریفوں میں بی جے پی، بی آر ایس اور سی پی ایم کے امیدواروں میں کسی ایک کو بھی تھری ڈجٹ ووٹ حاصل نہیں ہوئے۔ اننیا نے لویلا اکیڈیمی سے بیچلر آف آرٹس کی تکمیل کی اور وہ عملی سیاست میں اپنی علیحدہ شناخت بنانے میں یقین رکھتی ہیں۔ اُن کا کہنا ہے کہ میونسپلٹی کے انتخابات میں حصہ لیتے ہوئے اُنھوں نے سیاسی سفر کا آغاز کیا ہے۔ ایس سی طبقہ سے تعلق رکھنے والی گڈم اننیا نے کہاکہ وہ ایک خاتون کی حیثیت سے بنیادی سطح پر عوام کی خدمت کرنا چاہتی ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ وہ اپنے والد کے سیاسی کیرئیر سے فائدہ اُٹھانے کے بجائے اپنی علیحدہ شناخت میں یقین رکھتی ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ وہ کانگریس کے چیرپرسن کے طور پر وقارآباد میونسپلٹی کو حیدرآباد کی طرز پر ترقی دینے کی مساعی کریں گی۔1

اننیا نے کہاکہ وہ ہمیشہ عوام کے درمیان رہیں گی۔ میں عوامی نمائندہ اور ایک بیٹی کے طور پر اپنی ذمہ داریوں کو نبھانے کی کوشش کروں گی۔ گڈم پرساد کمار وقارآباد اسمبلی حلقہ کی نمائندگی کرتے ہیں اور اُن کے حلقہ کے تحت میونسپلٹی کے چیرپرسن کے عہدہ پر دختر کے انتخاب پر مختلف گوشوں نے مبارکباد پیش کی۔ اننیا نے کہاکہ گزشتہ 10 برسوں کے دوران وقارآباد کے کئی علاقوں میں بنیادی سہولتوں کا فقدان ہے۔ کانگریس حکومت مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کررہی ہے۔ وقارآباد میں کئی مستحق خاندانوں کو اندراماں ہاؤزنگ کے تحت مکانات اور رعایتی قیمت پر پکوان گیاس سیلنڈر الاٹ کئے گئے۔1