سماعت کیلئے آج حاضر ہونے کی ہدایت
حیدرآباد ۔3 ۔ فروری (سیاست نیوز) پارٹی انحراف کیس میں ایک اہم پیشرفت ہوئی ہے ۔ اسپیکر جی پرساد کمار نے رکن اسمبلی کڈیم سری ہری کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 4 فروری کو 11 بجے دن حاضر ہونے کی ہدایت دی ہے ۔ اس کے علاوہ سکریٹری اسمبلی نے بھی اسٹیشن گھن پور اسمبلی حلقہ کی نمائندگی کرنے والے کڈیم سری ہری کو نوٹس جاری کی ہے ۔ ان کے خلاف انحراف کی نوٹس داخل کرنے والے بی آر ایس کے رکن اسمبلی ویویکانند کو بھی سماعت کے لئے حا ضر ہونے کی نوٹس بھیجی گئی ہے ۔ واضح رہے کہ بی آر ایس نے 10 ارکان اسمبلی کے خلاف پارٹی انحراف کی نوٹس اسپیکر اسمبلی کو پیش کی تھی۔ اسپیکر کی جانب سے فوری کارروائی نہ کرنے پر عدلیہ کا دروازہ بھی کھٹکھٹایا تھا ۔ سپریم کورٹ کی ہدایت پر اسپیکر اسمبلی نے پہلے ہی 7 ارکان اسمبلی کو طلب کرتے ہوئے سماعت کی ۔ بعد ازاں انہیں کلین چٹ دیتے ہوئے بی آر ایس کے ارکان اسمبلی قرار دیا گیا ہے۔ ایک ہفتہ قبل اسپیکر اسمبلی نے اسمبلی حلقہ خیریت آباد کی نمائندگی کرنے والے ڈی ناگیندر کو بھی نوٹس روانہ کی تھی جس پر ناگیندر نے بی آر ایس میں ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے اسپیکر کو تحریری طور پر رپورٹ پیش کی تھی۔ اب اسپیکر نے کڈیم سری ہری کو نوٹس جاری کی ہے ۔ اس کے علاوہ اسمبلی حلقہ جگتیال کی نمائندگی کرنے والے رکن اسمبلی ڈاکٹر سنجے کو بھی نوٹس روانہ کرنے کا قوی امکان ہے۔2