اسپیکر اسمبلی کے رویہ کے خلاف کانگریس کا ریاست گیر احتجاج

   

ٹینک بنڈ کے قریب دھرنا، اپوزیشن کی آواز کچلنے حکومت پر الزام
حیدرآباد۔/8 مارچ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز اسمبلی میں اسپیکر کی جانب سے سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا کو اظہار خیال کی اجازت نہ دینے پر کانگریس نے آج ریاست گیر سطح پر احتجاج منظم کیا۔ حیدرآباد اور اضلاع میں ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے مجسمہ کے قریب دھرنا منظم کرتے ہوئے اسپیکر کے رویہ کی مذمت کی گئی۔ حیدرآباد میں ٹینک بنڈ کے قریب امبیڈکر مجسمہ کے روبرو سٹی کانگریس قائدین نے احتجاجی دھرنا منظم کیا۔ سابق رکن پارلیمنٹ اور پردیش کانگریس کے ورکنگ پریسیڈنٹ انجن کمار یادو، جنرل سکریٹری انڈین یوتھ کانگریس انیل یادو، سینئر قائد فیروز خاں، راشد خاں، روہن ریڈی اور دیگر قائدین نے احتجاجی دھرنا میں حصہ لیتے ہوئے اسمبلی میں کانگریس ارکان کو اظہار خیال کا موقع نہ دینے کی مذمت کی۔ قائدین نے کہا کہ چیف منسٹر کے اشارہ پر اپوزیشن کی آواز کو دبانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انجن کمار یادو اور فیروز خاں نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر کے پاس جمہوری اور دستوری قواعد کا کوئی پاس و لحاظ نہیں ہے۔ گورنر کے خطبہ کے بغیر بجٹ سیشن کا آغاز کرتے ہوئے چیف منسٹر نے گورنر نہیں بلکہ دستور کی توہین کی ہے۔ اسی دوران نائب صدر ملوروی کی قیادت میں محبوب نگر ضلع میں احتجاج منظم کیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق صدر پردیش کانگریس کی ہدایت پر تمام ضلعی صدور نے احتجاج منظم کیا۔ر