اسپیکر نے کے سی آر کو اسمبلی رکنیت کا حلف دلایا

   

اپوزیشن قائد کی حیثیت سے چیمبر میں خصوصی پوجا کی ارکان اسمبلی نے شاندار استقبال کیا
حیدرآباد ۔ یکم ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : بی آر ایس کے سربراہ کے سی آر نے آج اسمبلی پہونچکر اسپیکر کے چیمبر میں اسمبلی رکنیت کا حلف لیا اور قائد اپوزیشن کی حیثیت سے اپنے چیمبر میں خصوصی پوجا بھی کی ۔ اسپیکر جی پرساد کمار نے انہیں حلف دلایا ۔ اس موقع پر ریاستی وزیر امور مقننہ ڈی سریدھر بابو کے علاوہ بی آر ایس کے ارکان اسمبلی ، ارکان قانون ساز کونسل سابق ارکان اسمبلی اور پارٹی کے دیگر قائدین موجود تھے ۔ حالیہ اسمبلی انتخابات میں کے سی آر نے اسمبلی حلقہ جات گجویل اور کاماریڈی سے مقابلہ کیا تھا تاہم انہیں کاماریڈی سے شکست ہوگئی اور وہ گجویل سے کامیاب ہوگئے ۔ کولہے کی سرجری کے باعث وہ تمام ارکان اسمبلی کی حلف برداری کے دوران حلف نہیں لے سکے ۔ آج انہوں نے بحیثیت گجویل رکن اسمبلی حلف لیا ۔ دوپہر 12 بجے بعد کے سی آر سپورٹنگ اسٹیک کے ساتھ اسمبلی پہونچے جہاں پر بی آر ایس کے ارکان اسمبلی نے ان کا شاندار خیر مقدم کیا ۔ بی آر ایس لیجسلیچر پارٹی آفس پہونچکر خصوصی پوجا کی ۔ اس کے بعد اسپیکر چیمبر پہونچکر حلف لیا ۔ بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے پارٹی کے تمام ارکان اسمبلی کو کے سی آر کی حلف برداری تقریب میں حاضر رہنے کی ہدایت دی تھی جس کی وجہ سے سابق اسپیکر پوچارام سرینواس ریڈی کے علاوہ دوسرے ارکان اسمبلی نے شرکت کی ۔ 2