اسپیکر کی ایکشن لینے کی وارننگ کے درمیان لوک سبھاکارروائی ملتوی

   

نئی دہلی: لوک سبھا میں حکومت کے ذریعے قومی راجدھانی خطہ دہلی (ترمیمی) بل ۔ 2023 پیش کئے جانے کے دوران اپوزیشن اراکین نے زبردست ہنگامہ کیا، جس پر اسپیکر اوم برلا نے اراکین سے ایوان کے وقار اور احترام کو برقرار رکھنے کی اپیل کی ۔ اپوزیشن اراکین کے ہنگامہ کرنے کی صورت میں ان کے خلاف ایکشن لینے کی وارننگ دیتے ہوئے اسپیکر نے ایوان کی کارروائی سہ پہر تین بجے تک ملتوی کر دی۔ایوان کی کارروائی شروع ہوتے ہی صدر نشیں راجندر اگروال نے ضروری کاغذات میز پر رکھوائے لیکن اس دوران اپوزیشن اراکین کی نعرے بازی اور منی پور پر بحث کے مطالبے کی وجہ سے ہنگامہ بھی جاری رہا۔دریں اثنا، وزیر مملکت برائے داخلہ نتیانند رائے نے وزیر داخلہ امت شاہ کی موجودگی میں “نیشنل کیپیٹل ٹیریٹری آف دہلی گورنمنٹ (ترمیمی) بل 2023” ایوان میں پیش کیا، جس کی اپوزیشن اراکین نے سخت مخالفت کی۔
بل پیش کرنے کے مقاصد کے حوالے سے مسٹر شاہ نے جیسے ہی ایوان میں بولنا شروع کیا ، اپوزیشن کے اراکین پلے کارڈ اٹھائے ایوان کے بیچوں بیچ آگئے اور انہوں نے نعرے بازی اور ہنگامہ آرائی شروع کردی۔ شدید ہنگامہ آرائی کی وجہ سے مسٹر شاہ کی کوئی بات نہیں سنی جاسکی ۔ اس کے بعد اسپیکر نے ہنگامہ کرنے والے اراکین کو ایوان کے وقار اور احترام کو برقرار رکھنے کی تاکید کرتے ہوئے وارننگ دی کہ اگر اس کی خلاف ورزی کی گئی تو ان اراکین کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔ جب ہنگامہ مزید بڑھ گیا تو مسٹر برلا نے ایوان کی کارروائی سہ پہر تین بجے تک ملتوی کر دی۔