اسپیکر کی عدم کارروائی بی آر ایس دوبارہ سپریم کورٹ سے رجوع ہوگی: کے ٹی آر

   

اسمبلی حلقہ بانسواڑہ کے کانگریس قائدین کی بی آر ایس میں شمولیت

حیدرآباد۔ 6 ستمبر (سیاست نیوز) بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے کہا کہ سپریم کورٹ کی ہدایت کے باوجود پارٹی سے انحراف کرنے والے ارکان اسمبلی کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی تو بی آر ایس پارٹی دوبارہ سپریم کورٹ سے رجوع ہوگی۔ کے سی آر کے فارم ہاوز میں اسمبلی حلقہ بانسواڑہ کی نمائندگی کرنے والے کانگریس کے چند قائدین کے ٹی آر سے ملاقات کرتے ہوئے بی آر ایس میں شامل ہوگئے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ بی آر ایس سے انحراف کرنے والے 10 ارکان اسمبلی کے خلاف کارروائی کرنے کی سپریم کورٹ نے اسپیکر اسمبلی کو ہدایت دی ہے۔ اس کے باوجود اسپیکر کی جانب سے کوئی کارروائی نہیں کی جارہی ہے۔ 3 ماہ کا وقت مکمل ہونے کے بعد بی آر ایس پارٹی دوبارہ سپریم کورٹ سے رجوع ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ 6 ماہ میں ریاست کے 10 اسمبلی حلقوں میں ضمنی انتخابات منعقد ہونا لازمی ہوگیا ہے۔ لہذا بی آر ایس کے قائدین سے اپیل کرتے ہیں کہ ان 10 حلقوں میں ضمنی انتخابات کی تیاریاں شروع کردی جائیں۔ بی آر ایس پارٹی نے 10 سال تک حکومت کی، عوام کے دلوں پر راج کیا، کئی ترقیاتی اقدامات کئے، کئی فلاحی اسکیمات ملک کے لئے قابل تقلید ثابت ہوئیں۔ تاہم کانگریس حکومت 21 ماہ میں عوامی تائید سے محروم ہوگئی ہے اور حکومت کے خلاف عوام میں ناراضگی پیدا ہوگئی ہے۔ کانگریس حکومت نے عوام سے کئے گئے کوئی بھی وعدے کو پورا نہیں کیا ہے۔ بی آر ایس کے فلاحی اسکیمات کو برقرار رکھنے میں بھی کانگریس حکومت پوری طرح ناکام ہوگئی ہے۔ انہوں نے چیف منسٹر ریونت ریڈی سے اپیل کی کہ وہ اپنی ناکامی پر عوام سے معذرت خواہی کریں۔ کے ٹی آر نے کہا کہ یوریا کی قلت کے پیچھے بہت بڑی سازش ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ عارضی قلت پیدا کرتے ہوئے کسانوں کو پریشان کیا جارہا ہے۔ دھان کی خریدی، بونس کی ادائیگی کے معاملہ میں حکومت ناکام ہوگئی ہے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ بی آر ایس حکومت نے 10 سال تک صرف 2.80 لاکھ کروڑ روپے کا قرض حاصل کیا ہے جبکہ موجودہ کانگریس حکومت صرف 21 ماہ میں 2.20 لاکھ کروڑ روپے کا قرض حاصل کیا ہے۔ باوجود اس کے ریاست کو ترقی دینے میں اور وعدوں کو پورا کرنے میں کانگریس حکومت ناکام ہوگئی ہے۔ جوبلی ہلز ضمنی انتخابات یا مقامی اداروں کے انتخابات جو بھی انتخابات منعقد ہوں گے بی آر ایس پارٹی شاندار کامیابی حاصل کرے گی۔ 2