اسکاٹ لینڈ کا آزادی کیلئے ریفرنڈم کا اعلان

   

ایڈن برگ ۔ اسکاٹ لینڈ نے برطانیہ سے علاحدگی کے لیے دوبارہ ریفرنڈم کرانے کا اعلان کردیا۔ بین الاقوامی خبررساں اداروں کے مطابق اسکاٹ لینڈ کی فرسٹ منسٹر نے 2023ء کے اختتام تک برطانیہ سے علاحدگی کے لیے ریفرنڈم کرانے کا اعلان کیا ہے۔ نکولا اسٹرجن کا کہنا ہے کہ برطانیہ سے علاحدگی ان کے ایجنڈے میں شامل ہے، لیکن یہ معاملہ اس سال پارلیمان میں زیر بحث نہیں آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم یہ کام صرف اس وقت کریں گے، جب کورونا کی وبا ختم ہوجائے گی۔ اسکاٹ لینڈ کی فرسٹ منسٹر نے کہا کہ کورونا کے دوران بھی ہمیں موقع ملا تو ہم 2023ء کے اختتام تک ریفرنڈم کراسکتے ہیں۔ واضح رہے کہ اسکاٹ لینڈ میں اس وقت برطانیہ سے آزادی کی تحریک اپنے تاریخی عروج پر ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل 2014ء میں ہونے والے ریفرنڈم میں 55 فیصد اسکاٹ لینڈ کے باشندوں نے برطانیہ کے ساتھ رہنے جب کہ 45 فیصد نے علاحدگی کے حق میں ووٹ دیا تھا۔ 2014ء کے بعد 2016ء میں بھی اسکاٹ لینڈ میں 38 فیصد کے مقابلے میں 62 فیصد افراد نے یورپی یونین میں رہنے کے حق میںووٹ دیا تھا۔