اسکریننگ کمیٹی کی سفارش پر مجالس مقامی کے کانگریس امیدواروں کا انتخاب

   

پولیٹیکل افیرس کمیٹی کا زوم اجلاس، ریونت ریڈی ، میناکشی نٹراجن، مہیش کمار گوڑ کی شرکت

حیدرآباد ۔2 ۔ فروری (سیاست نیوز) مجالس مقامی انتخابات کی تیاریوں کے سلسلہ میں پردیش کانگریس کمیٹی کی الیکشن اور پولیٹیکل افیرس کمیٹی کا زوم اجلاس منعقد ہوا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی ، اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ میناکشی نٹراجن ، صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ ، ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا ، ریاستی وزراء اور پی اے سے ارکان نے شرکت کی۔ چیف منسٹر کے بیرونی دورہ سے واپسی کے بعد یہ پہلی سیاسی سرگرمی تھی جس میں چیف منسٹر نے مجالس مقامی انتخابات کی حکمت عملی کا جائزہ لیا ۔ امیدواروں کے انتخاب ، انتخابی مہم اور پارٹی کی کامیابی کے امکانات پر قائدین سے بات چیت کی گئی ۔ اجلاس میں اپوزیشن کی مخالف حکومت مہم کا منہ توڑ جواب دینے کا فیصلہ کیا گیا اور انتخابی میدان سے باغی امیدواروں کو دستبردار کرانے کی ہدایت دی گئی۔ چیف منسٹر نے پارلیمانی حلقوں کے انچارج وزراء سے پارٹی کے موقف کے بارے میں معلومات حاصل کی۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ وہ 4 فروری سے انتخابی مہم کا آغاز کر رہے ہیں اور قائدین کو جلسہ عام کی تیاریوں میں مصروف ہونا چاہئے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ پارٹی ٹکٹ سروے رپورٹ کی بنیاد پر دیئے جائیں گے ۔ عوامی مقبولیت اور کامیابی کی اہلیت کی بنیاد پر امیدواروں کا انتخاب ہوگا۔ چیف منسٹر نے پولیٹیکل افیرس کمیٹی کے قائدین کو مشورہ دیا کہ اپنے اپنے علاقوں میں پارٹی کی انتخابی مہم کی نگرانی کریں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسکریننگ کمیٹی کی سفارش کی بنیاد پر ہی امیدواروں کو بی فارم حوالے کئے جائیں گے۔ کمیٹی کی جانب سے جن امیدواروں کی فہرست پیش کی جائے گی، انہیں بی فارم حوالے کئے جائیں گے ۔ صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے انتخابی مہم کے سلسلہ میں وزراء اور عوامی نمائندوں کو متحرک ہونے کا مشورہ دیا۔ میناکشی نٹراجن نے کہا کہ پنچایت چناؤ کی طرح مجالس مقامی کی اکثریتی نشستوں پر کانگریس کی کامیابی کو یقینی بنایا جائے۔ عوام کو حکومت کی فلاحی اسکیمات سے واقف کراتے ہوئے اپوزیشن کے پروپگنڈہ کا معقول جواب دیا جاسکتا ہے۔1