حیدرآباد ۔ 30 نومبر (سیاست نیوز) ریاستی وزیر آئی ٹی و انڈسٹریز ڈی سریدھر بابو نے کل ویپرو آئی ٹی کمپنی کو ریاست کی باوقار ینگ انڈیا اسکلس یونیورسٹی کے ساتھ اشتراک کرنے کی دعوت دی۔ ویپرو کے چیف فینانشیل آفیسر راگھون نے جمعہ کو سکریٹریٹ میں وزیرموصوف سے ملاقات کے دوران حیدرآباد میں کمپنی کی سرگرمیوں کے بارے میں بتایا۔ سریدھر بابو نے ینگ انڈیا اسکلس یونیورسٹی میں انڈسٹری کی ضرورت کے مطابق ٹریننگ پروگرامس کی ضرورت پر زور دیا اور ویپرو سے کہا کہ وہ راست ٹریننگ فراہم کریں اور ان کی ضرورت کے مطابق رکروٹمنٹ کریں۔ اس طرح کی کاوشوں کے بارے میں بتاتے ہوئے سریدھر بابو نے کہا کہ ڈاکٹر ریڈیز لیباریٹریز کی جانب سے ان کی خصوصی ضرورت کو پورا کرنے کیلئے 80 بیروزگار نوجوانوں کو کسٹمائزڈ ٹریننگ فراہم کی جارہی ہے۔ وزیر انڈسٹریز نے ویپرو سے یہ بھی کہا کہ وہ ریاست تلنگانہ کے ٹائر۔II شہروں میں ایف ایم سی جی، یونٹس قائم کرنے پر غور کرے اور اس طرح مقامی باصلاحیت افراد اور انفراسٹرکچر سے استفادہ کیا جاسکتا ہے۔