اسکل یونیورسٹی کے قیام میں مرکز سے تعاون کی جینت چودھری سے اپیل

   

حیدرآباد میں میگا جاب اور اسکل میلہ کا افتتاح، عصری کورسیس کے ذریعہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع: سریدھر بابو
حیدرآباد 16 جون (سیاست نیوز) مرکزی وزیر اسکل ڈیولپمنٹ جینت چودھری اور وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی تلنگانہ ڈی سریدھر بابو نے آج حیدرآباد میں میگا جاب اسکل اینڈ لون میلہ کا افتتاح کیا جس کا پی جی لا کالج بشیر باغ میں اہتمام کیا گیا تھا۔ مرکزی وزارت اسکل ڈیولپمنٹ اینڈ انٹرپرینر شپ اور تلنگانہ کے ڈپارٹمنٹ آف ایمپلائمنٹ اینڈ ٹریننگ نے مشترکہ طور پر جاب میلہ کا اہتمام کیا۔ اِس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سریدھر بابو نے کہاکہ تلنگانہ حکومت حیدرآباد میں اسکل ڈیولپمنٹ کی ترقی کے ذریعہ اُسے ملک میں اسکل ڈیولپمنٹ کے دارالحکومت کے طور پر شناخت بنانا چاہتی ہے۔ اُنھوں نے مرکزی وزیر سے تلنگانہ کے پراجکٹس میں تعاون کی اپیل کی۔ طور پر ینگ انڈیا اسکل یونیورسٹی کے آغاز میں مرکز سے تعاون کی خواہش کی۔ اُنھوں نے کہاکہ تلنگانہ حکومت نوجوانوں کو اسکل ڈیولپمنٹ کے شعبہ میں عصری کورسیس سے ہم آہنگ کرنا چاہتی ہے تاکہ صنعتی اداروں میں روزگار کے مواقع حاصل ہوسکیں۔ سریدھر بابو نے کہاکہ تلنگانہ کے نوجوانوں میں غیرمعمولی صلاحیت موجود ہے۔ حکومت چاہتی ہے کہ اسکل ڈیولپمنٹ کے عصری کورسیس کا آغاز کیا جائے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے تعلیمی اداروں اور صنعتوں کے درمیان اشتراک کا منصوبہ بنایا ہے اور اسکل یونیورسٹی پُل کا کام کرے گی۔ سریدھر بابو نے کہاکہ قومی اور بین الاقوامی اداروں کے لئے درکار صلاحیتوں کے مطابق نوجوانوں کو تیار کیا جائے گا۔ اسکل یونیورسٹی کے ذریعہ مختلف پروگراموں کا آغاز کیا گیا اور تقریباً 80 فیصد ٹرینڈ نوجوانوں کو مختلف کمپنیوں میں روزگار حاصل ہوا ہے۔ سریدھر بابو نے مرکزی وزیر جینت چودھری کو ینگ انڈیا اسکل یونیورسٹی کے دورہ کی دعوت دی اور کہاکہ تلنگانہ حکومت اسکل ڈیولپمنٹ کے شعبہ میں مرکز سے تعاون کے لئے تیار ہے۔ اِس موقع پر رکن راجیہ سبھا آر کرشنیا، رکن قانون ساز کونسل انجی ریڈی، منرل ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے صدرنشین انیل کمار، سابق رکن کونسل کے دلیپ کمار اور دوسرے موجود تھے۔1