کلاس کے اوقات میں بھی کمی کا امکان، 20 جنوری کو قطعی فیصلہ
حیدرآباد: تلنگانہ حکومت نے یکم فروری سے اسکولس اور کالجس کی کشادگی کا فیصلہ کیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اسکولس و کالجس دو شفٹس میں کام کریں گے اور کلاس کے اوقات میں بھی کمی کی جاسکتی ہے تاہم اس کے لئے کوویڈ19 کے قواعد پر سنجیدگی سے عمل آوری ضروری ہے۔ اس سلسلہ میں قطعی فیصلہ 20 جنوری کو کیا جائے گا۔ طلبہ اور سرپرستوں کے شکوک و شبہات کو دور کرنے کیلئے حکومت دو شفٹوں پر عمل کرنے پر سنجیدگی سے غور کررہی ہے تاکہ والدین کو اعتماد میں لیتے ہوئے بچوں کو تعلیمی اداروں کو بھیجنے کی ترغیب دی جاسکے۔ اس سلسلہ میں خانگی اسکول اور کالجس کے انتظامیہ سے 19 جنوری کو منعقد ہونے والے اجلاس میں رائے طلب کی جائے گی۔ اسکولوں کی کشادگی سے متعلق وزراء اور متعلقہ عہدیداروں کا اقامتی اسکولس کے مختلف ونگس کے ساتھ 18 جنوری کو ایک اجلاس ہوگا۔ اقامتی تعلیمی اداروں (جنرل، بی سی، ایس سی، ایس ٹی اور میناریٹی ) میں ہاسٹلس کی سہولت ہے۔ عہدیداروں کو ہاسٹلس اور میس کیلئے زائد انتظامات کرنے ہوں گے۔اطلاعات کے مطابق 70 فیصد نصاب کے ساتھ انٹر میڈیٹ کے امتحانات اپریل کے اواخر میں منعقد ہوسکتے ہیں۔