اسکولس میں فزیکل کلاسس کیلئے طلبہ کی شرکت لازمی نہیں

   

آن لائین کلاسس جاری رہیں گی، عنقریب گائیڈ لائینس کی اجرائی،ہائی کورٹ میں تلنگانہ حکومت کا جواب

حیدرآباد۔ ریاست میں یکم جولائی سے تعلیمی اداروں کے آغاز کے مسئلہ پر تلنگانہ ہائی کورٹ میں آج سماعت ہوئی۔ حکومت کی جانب سے واضح کیا گیا کہ طلبہ کو اسکولوں میں فزیکل کلاسس میں شرکت لازمی نہیں رہے گی۔ فزیکل کلاسس کے علاوہ آن لائین کلاسس کا اہتمام کیا جائے گا ۔ سکریٹری محکمہ تعلیم سندیپ کمار سلطانیہ کی جانب سے عدالت میں تفصیلی رپورٹ پیش کی گئی جس میں بتایا گیا کہ حکومت طلبہ کو کورونا سے بچانے کیلئے ہر ممکن احتیاطی تدابیر اختیار کر رہی ہے۔ ہائیکورٹ نے سوال کیا کہ کیا یکم جولائی سے تمام کلاسس کے طلبہ کو شرکت لازمی رہے گی ۔ اس پر محکمہ تعلیم کی جانب سے جواب دیا گیا کہ اندرون تین یوم کلاسس کے انعقاد کے سلسلہ میں رہنمایانہ خطوط جاری کئے جائیں گے ۔ حکومت نے بتایا کہ باقاعدہ کلاسس کے علاوہ آن لائین کلاسس کا اہتمام کیا جائے گا۔ فزیکل کلاسس میں شرکت کیلئے والدین اور سرپرستوں سے منظوری حاصل کرنا لازمی رہے گا۔ عدالت نے کہا کہ فزیکل کلاسس کے آغاز کی صورت میں سماجی فاصلہ کی برقراری دشوار کن مسئلہ رہے گی ۔ اس پر حکومت کے وکیل نے کہا کہ کلاسس کے بارے میں گائیڈ لائینس عنقریب جاری کی جائیں گی ۔ عدالت نے تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کیلئے حکومت کو ایک ہفتہ کی مہلت دی ہے۔