اسکولس میں ’’کوڈنگ ‘‘سکھانے ٹائٹا کے پروگرام کا آغاز

   

حیدرآباد ۔ 13 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ انفارمیشن ٹکنالوجی اسوسی ایشن (TITA) نے اسکولس میں کوڈنگ متعارف کرنے کے لیے پیر کو پائلیٹ پراجکٹ شروع کیا ۔ یہ چھ روزہ پروگرام حلقہ اسمبلی مکتھل میں محبوب نگر ڈسٹرکٹ کے آتما کور اور امرچنتا منڈلس کا احاطہ کرتے ہوئے 18 گورنمنٹ اسکولس میں منعقد کیا جارہا ہے ۔ کوڈنگ میں یہ ٹریننگ ٹائٹا ممبرس کی جانب سے منتخب طلبہ کو دی جائے گی ۔ اس کے آغاز کے موقع پر مخاطب کرتے ہوئے ٹائٹا کے گلوبل صدر سندیپ کمار مکتھالہ نے کہا کہ یہ ٹریننگ چھ دن کے لیے ہوگی ۔ اس کے تحت دو طلبہ VIII کلاس سے ایک اور IX کلاس سے ایک اور اسکول کے ایک ٹیچر کو جو اسکول میں انویشن کلب کا حصہ ہیں ۔ اسکراچ پروگرامنگ ، پئیتھان میں ٹریننگ دی جائے گی ۔ مکتھالہ نے کہا کہ ٹائٹا کی جانب سے اس کے نتائج پر ایک رپورٹ تیار کی جائے گی اور اس پروگرام کو وسعت دیتے ہوئے آئندہ تعلیمی سال سے اسکولس میں کوڈنگ شروع کرنے کے لیے حکومت کو سفارشات پیش کی جائیں گی ۔ یہ رپورٹ توقع ہے کہ فروری کے پہلے ہفتہ تک تیار کی جائے گی کیوں کہ یہ پائیلٹ پراجکٹ جنوری کے ختم تک جاری رہے گا ۔ ٹائٹا کے نمائندے نے کہا کہ اس میں حصہ لینے والے ممبرس کو کٹس دئیے گئے ہیں اسکراچ لرننگ کے لیے اس کے علاوہ ممبرس کو ایک اور کٹ بھی دی جائے گی ۔ یہ چھ روزہ ٹریننگ ختم ہونے پر امرچنتا میں نوڈل سنٹر ایم وی راما انسٹی ٹیوٹ سے ٹریننگ فراہم کی جائے گی ۔ جس میں دوسرے طلبہ کو ٹائٹا کے ایک مینٹر کی جانب سے ٹریننگ دی جائے گی ۔۔