حیدرآباد 11 جون (پریس نوٹ) جدید ٹیکنالوجیز سے استفادہ کرتے ہوئے اسکول ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کی جانب سے ایک کمانڈ کنٹرول سنٹر قائم کیا جارہا ہے جو ریاست میں تمام اسکولس کی کارکردگی پر نظر رکھے گا۔ ودیا سمیکشا کیندرا (VSK) کے نام سے اس سنٹر کو تمام مینجمنٹس کے تحت اسکولس میں طلبہ کے انرولمنٹ، تعلیم میں ان کی پیشرفت اور ٹیچرس اور اسکولس کی مدد کے لئے استعمال کیا جائے گا۔ یہ طلبہ اور اسکولس کے کارناموں وغیرہ کی بھی نگرانی کرسکتا ہے۔ یہ سنٹر گورنمنٹ اسکول طلبہ میں اسکالرشپس، یونیفارمس کی تقسیم، مفت نصابی کتب، نوٹ بکس اور ورک بکس کی تقسیم اور دوپہر کے کھانے کی اسکیم کی نگرانی میں مدد کرے گا۔ طلبہ اور ٹیچرس کی حاضری کے وقت کی نگرانی کے ساتھ وی ایس کے ریاستی سطح پر تعلیمی اور غیر تعلیمی سرگرمیوں کی بھی نگرانی کرسکتا ہے۔ یہ نیا سسٹم ٹیچرس کی کارکردگی اور ان کی ٹریننگ کے علاوہ سرویس رولز کی نگرانی میں بھی معاون ہوگا۔ پولیس کمانڈ کنٹرول سنٹرس کے خطوط پر محکمہ اسکول ایجوکیشن میں 5 کروڑ روپئے تخمینہ خرچ پر کمانڈ کنٹرول سنٹر قائم کیا جارہا ہے۔