اسکولس کو تعطیلات کا امکان ؟

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد۔5مارچ(سیاست نیوز) شہر میں کورونا وائرس کی اطلاعات نے شہریو ں میں بے چینی کی لہر پیدا کردی ہے اور کہا جا رہاہے کہ شہر حیدرآباد میں کورونا وائرس کے واقعات سے نمٹنے کیلئے جاری کردہ ہدایات میں پر ہجوم مقامات سے دور رہنے کی ہدایت بھی شامل ہے اسی لئے اسکولی طلبہ اور سرپرستوں کی جانب سے اسکولوں کو فوری تعطیلات دیئے جانے کا مطالبہ کیا جانے لگا ہے اور کہا جا رہاہے کہ اسکولوں میں موجود ہجوم سے بچوں کو دور رکھنا ممکن نہیں ہے اسی لئے لازمی ہے کہ اسکولوں کو فوری تعطیلات دی جائیں تاکہ بچوں کو اس وبائی مرض سے محفوظ رکھنے کے اقدامات کئے جاسکیں۔ دہلی میں کورونا وائرس کے واقعات کو دیکھتے ہوئے حکومت دہلی کی جانب سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ ریاست میں تمام اسکولوں کو 31مارچ تک تعطیلات دے دی جائیں جبکہ ریاست تلنگانہ میں حکومت کی جانب سے ایسا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے لیکن کہا جار ہاہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے اس مطالبہ کا سنجیدگی سے جائزہ لیا جا رہا ہے کیونکہ شہریو ںکے تفکرات میں اضافہ ہوتا جار ہاہے لیکن عہدیدارو ںکا کہنا ہے کہ عوام میں خوف و ہراس پیدا نہ وہ اس کے لئے ایسا کوئی فیصلہ نہیں کیا جا رہاہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کے امیدواروں کو اپنے چہرے پر ماسک لگانے اور ساتھ میں سائنیٹائیزر رکھنے کی اجازت دیئے جانے کے بعدوالدین اور سرپرستوں کے مطالبہ میں شدت پیدا ہونے لگی ہے کیونکہ جب امتحانی مراکز میں یہ رعایت فراہم کی جا رہی ہے تو اسکولوں کو بھی فوری تعطیل دی جانی چاہئے۔ریاست تلنگانہ میں تعلیمی سال کے آخری ایام جاری ہیں اور بیشتر تمام اسکولوں میں سالانہ امتحانات کی تیاریاں کروائی جا رہی ہیں لیکن اس کے باوجود گذشتہ دو یوم کے دوران کورونا وائرس کی اطلاعات نے خوف و دہشت پھیلا رکھی ہے ۔ شہر حیدرآباد و سکندرآباد کے بعض اسکولوں کی جانب سے والدین اور سرپرستوں کو ایس ایم ایس روانہ کرتے ہوئے اس بات کی ہدایت دی جا چکی ہے کہ اگر ان کے بچوں کو سردی ‘ کھانسی یا بخار ہو تو انہیں اسکول روانہ کرنے سے اجتنا ب کریں اور کچھ اسکولوں نے بچوں کو ماسک اور سینیٹائیزر کے استعمال کیا ترغیب دینی شروع کردی ہے۔دونوں شہرو ںمیں جاری اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے اولیائے طلبہ اور سرپرستوں کی تنظیموں کی جانب سے حکومت سے مطالبہ کیا جا رہاہے وہ ہجومی مقامات سے احتیاط کرنے کی ہدایت کے پیش نظر اسکولوں کو تعطیل کا اعلان کرتے ہوئے صحت عامہ کے تحفظ کو یقینی بنائے۔