کورونا کے پھیلاو کو روکنے حکومت کے اقدامات پر تفصیلی رپورٹ پیش کرنے عدالت کی ہدایت
حیدرآباد 28 جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے ریاستی حکومت کے اقدامات کے متعلق درخواست مفاد عامہ کی سماعت کے دوران حکومت سے اسکولوں کی کشادگی کے اقدامات پر استفسار کیا ۔ حکومت کی جانب سے ایڈوکیٹ جنرل نے چیف جسٹس ‘جسٹس ستیش چندراشرما کی بنچ کو بتایا کہ تعلیمی اداروں کی کشادگی پر حکومت کی جانب سے تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے ۔چیف جسٹس نے اسکولوں کی کشادگی کے علاوہ ریاست میں کورونا کو پھیلنے سے روکنے اور حکومت سے فراہم کی جانے والی کٹس میں بچوں کی ادویات کے متعلق تفصیلی رپورٹ عدات میں اندرون تین یوم پیش کرنے کی ہدایات دی اور مقدمہ کی آئندہ سماعت 3 فروری کو منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ چیف جسٹس کے اجلاس پر مقدمہ کی آن لائن سماعت میں ڈائرکٹر محکمہ صحت ڈاکٹر جی سرینواس راؤنے شرکت کی اور بتایا کہ محکمہ صحت کی جانب سے فیور سروے کے ذریعہ شہریو ںمیں کورونا کی علامات کی جانچ کی جا رہی ہے اور انہیں ادویات کی فراہمی کی جا رہی ہے ۔ عدالت نے استفسار کیا کہ آیا ریاست میں 31 جنوری سے تعلیمی اداروں کی کشادگی عمل میں لائی جا رہی ہے! جس پر ایڈوکیٹ جنرل نے بتایا کہ اس سلسلہ میں کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ سماعت کے دوران عدالت نے محکمہ صحت کی جانب سے فیور سروے میںشہریو ںکو دی جانے والی ادویات میں بچوں کیلئے ادویات کے متعلق دریافت کیا جس پر ڈائرکٹر محکمہ صحت نے بتایا کہ فی الحال جو ادویات کی کٹس فراہم کی جا رہی ہیں ان میں بچوں کی ادویات شامل نہیں ہیں۔ چیف جسٹس نے ریاست میں کورونا کی صورتحال اور معائنوں کے دوران مثبت آنے والے مریضوں کی شرح سے متعلق دریافت کیا جس پر عدالت کو واقف کروایا گیا کہ ریاست میں کورونا متاثرین کی شرح 3.16 ریکارڈ کی جا رہی ہے ۔ ڈاکٹر سرینواس نے بتایا کہ ریاست میں جاری فیور سروے کے دوران تاحال 77لاکھ گھروں کا احاطہ کیا گیا جہاں 3 لاکھ 84 ہزار افراد میں کورونا علامات پائی گئی ہیں جنہیں ادویات کی کٹس حوالہ کی گئی ہیں۔عدالت نے محکمہ صحت کے تمام اقدامات کی تفصیلات عدالت میں اندرون تین یوم پیش کرنے کی تاکید کی اور حکومت کی ہدایات اور ماسک کے لزوم کے علاوہ سماجی فاصلہ کی برقراری کے اقدامات سے واقف کروانے کی ہدایت دی۔ واضح رہے کہ ریاست میں کورونا کے پھیلاؤ کو دیکھتے ہوئے حکومت نے ابتداء میں 8 تا 16 جنوری تعلیمی اداروں کو تعطیلات کا اعلان کیا تھا جس میں بعد میں مزید توسیع کی گئی اور 30 جنوری تک تعطیلات ہیں ۔ تاہم ان میں توسیع یا اسکولس کشادگی پر ابھی تجسس برقرار ہے ۔ م