اسکولس کی کشادگی کیلئے صاف صفائی کا آغاز

   

بچوں کیلئے پانی کا بوتل اور ماسک کا استعمال لازمی شرط، حکومت کے فیصلہ کا خیرمقدم

حیدرآباد۔30جنوری(سیاست نیوز) ریاست میں اسکولوں کی کشادگی کے فیصلہ کے ساتھ ہی تمام اسکولوں بالخصوص سرکاری و خانگی اسکولوں میں صفائی کا عمل شروع کیا جاچکا ہے اور یکم فروری سے اسکولوں میں باضابطہ کلاسس کے آغاز کے پیش نظر اسکول انتظامیہ کی جانب سے اولیائے طلبہ و سرپرستوں کو مطلع کیا جانے لگا ہے۔ حکومت کی جانب سے جاری کئے گئے احکامات کے مطابق ریاست میں تمام تعلیمی ادارو ں کی یکم فروری سے کشادگی عمل میں لائی جاسکتی ہے لیکن اس کے باوجود بعض اسکولوں کی جانب سے 2فروری اور بعض اسکولوں نے 3 فروری سے اسکولوں کی کشادگی کا فیصلہ کیا ہے تاکہ اسکولوں کی صفائی کے علاوہ انہیں طلبہ کے لئے محفوظ بنانے کے عمل کو مکمل کیا جاسکے۔ ریاستی حکومت کی جانب سے تلسنکرانت سے قبل کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں ہونے والے اضافہ کو دیکھتے ہوئے ریاست بھر میں اسکولوں کو تعطیلات کا اعلان کیا گیا تھا اور اس میں توسیع کرتے ہوئے 30 جنوری تک اسکولوں کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا لیکن گذشتہ یوم جاری کئے گئے احکامات کے بعد تمام تعلیمی اداروں میں باضابطہ کلاسس کے آغاز کی اجازت دے دی گئی ہے اور امتحانات شیڈول کے مطابق منعقد کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ تعلیمی اداروں کی کشادگی کے فیصلہ کے بعد اسکول انتظامیہ کی جانب سے اولیائے طلبہ و سرپرستوں کو دیئے جارہے مشورہ میں کہا جا رہاہے کہ وہ اپنے بچوں کو اسکول روانہ کرتے وقت ان کے پانی کی بوتل کے علاوہ ماسک لازمی طور پر استعمال کروائیں اور جن بچوں میں کسی بھی طرح کی علامات نظر آرہی ہیں ان کو اسکول روانہ کرنے کے بجائے انہیں آن لائن کلاسس میں شرکت کرنے کا پابند بنایا جائے۔ خانگی اسکول انتظامیہ کی جانب سے طلبہ کے لئے باضابطہ کلاسس کے ساتھ ساتھ آن لائن کلاسس کا بھی اہتمام کیا جا رہاہے اور کہا جا رہاہے کہ جو طلبہ بخار‘ سردی ‘ نزلہ ‘ زکام یا دیگر امراض میں مبتلاء ہیں یا ان میں کسی بھی طرح کی علامات پائی جا رہی ہیں ان کو اسکول روانہ کرنے سے گریز کیا جائے تاکہ دوسرے طلبہ کو بھی وبائی امراض سے محفوظ رکھا جاسکے۔ اسکولوں کی کشادگی کے فیصلہ پر ریاست بھر کے 75 فیصد سے زائد طلبہ نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے کئے گئے فیصلہ کا وہ خیر مقدم کرتے ہیں اور اسکول انتظامیہ سے توقع ہے کہ وہ حکومت کی جانب سے جاری کئے گئے کورونا وائرس سے محفوظ رکھنے کے رہنمایانہ خطوط پر عمل آوری کو یقینی بنائیں گے۔م